ایمباپے اور ہالینڈ نے میسی کے دو مختلف ریکارڈز توڑ دیے

ایمباپے نے مقابلے میں ریال میڈرڈ کی جانب سے گول بھی کیا جو اس ٹورنامنٹ میں ان کا 72واں گول تھا


اسپورٹس ڈیسک October 15, 2026

فرانس کے سپر اسٹار کائیلیان ایمباپے نے چیمپئنز لیگ میں لیونل میسی کا ایک اور ریکارڈ اپنے نام کرلیا جبکہ ناروے کے اسٹرائیکر ایرلنگ ہالینڈ نے بھی اسی روز نئی تاریخ رقم کردی۔

ریال میڈرڈ کے فارورڈ ایمباپے نے بدھ کو روما کے خلاف 3-4 کی سنسنی خیز کامیابی کے دوران چیمپئنز لیگ میں 100 میچز کھیلنے والے کم عمر ترین کھلاڑی ہونے کا اعزاز حاصل کیا۔

ایمباپے نے 27 سال اور 298 دن کی عمر میں 100واں میچ کھیلا جبکہ میسی نے 28 سال اور 84 دن کی عمر میں یہ سنگ میل عبور کیا تھا۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ میسی نے بھی چیمپئنز لیگ میں اپنا 100واں میچ روما ہی کے خلاف کھیلا تھا۔

ایمباپے نے مقابلے میں ریال میڈرڈ کی جانب سے گول بھی کیا جو اس ٹورنامنٹ میں ان کا 72واں گول تھا۔ اس کے ساتھ انہوں نے کلب لیجنڈ راؤل گونزالیز کو پیچھے چھوڑ دیا۔

دوسری جانب مانچسٹر سٹی کے ایرلنگ ہالینڈ نے چیمپئنز لیگ میں تیز ترین 60 گول کرنے کا میسی کا ریکارڈ توڑ دیا۔

میسی نے 80 میچز میں 60 گول اسکور کیے تھے جبکہ ہالینڈ نے 60 میچز میں یہ کارنامہ انجام دیا اور وہ یہ سنگ میل عبور کرنے والے کم عمر ترین کھلاڑی بھی بن گئے۔

پی ایس جی کے خلاف دو گول کرنے کے بعد ان کے مجموعی گولز کی تعداد 61 ہوگئی ہے تاہم مانچسٹر سٹی کو اس میچ میں 2-4 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔