خیبرپختونخوا میں ایڈوائزری کونسل کی رکن برائے صحت لیفٹیننٹ جنرل (ر) نگار جوہر نے کہا ہے کہ صحت انصاف کارڈ کے ذریعے عوام کو علاج معالجے کی سہولیات کی فراہمی میں نمایاں فائدہ ہو رہا ہے لہٰذا اس اہم عوامی فلاحی منصوبے کا تسلسل برقرار رکھنا اور اسے مزید مؤثر بنانا ضروری ہے۔
لیفٹیننٹ جنرل (ر) نگار جوہر نے صحت انصاف کارڈ پروگرام سے متعلق اجلاس کی صدارت کی، جس میں پروگرام کے انتظامی اور مالیاتی امور کا جائزہ لیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ صحت انصاف کارڈ عوام کو علاج معالجے کی سہولیات تک رسائی فراہم کرنے کا ایک اہم ذریعہ ہے، اس منصوبے سے مستفید ہونے والے شہریوں کو سہولیات کی فراہمی جاری رہنی چاہیے، تاہم اس کے ساتھ ساتھ مالیاتی شفافیت اور جواب دہی کو بھی ہر صورت یقینی بنایا جائے۔
لیفٹیننٹ جنرل (ر) نگار جوہر نے ہدایت کی کہ صحت انصاف کارڈ پروگرام کا جامع آڈٹ کرایا جائے تاکہ مالیاتی معاملات کی مکمل جانچ پڑتال کی جا سکے اور اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ سرکاری فنڈز کا استعمال مقررہ قواعد و ضوابط کے مطابق ہو رہا ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ کسی بھی قسم کی مالی بے ضابطگی کی روک تھام کے لیے مؤثر نگرانی اور شفاف احتساب ضروری ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ عوامی وسائل امانت ہیں اور ان کا استعمال ذمہ داری، شفافیت اور جواب دہی کے اصولوں کے تحت ہونا چاہیے، صحت انصاف کارڈ جیسے عوامی فلاحی منصوبے کی افادیت برقرار رکھنے کے لیے ضروری ہے کہ اس کے مالیاتی نظام کو مضبوط بنایا جائے اور عوامی مفاد کو مقدم رکھا جائے۔