پشاور اسکول سانحے کے بعد پشاور کے بڑے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ

ریسکیو و طبی ایمرجنسی سروسز کو ہائی الرٹ رہنے اور زخمیوں کو طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت


ویب ڈیسک October 15, 2026
فوٹوفائل

پشاور کے علاقے دیر کالونی میں سکول کی چھت گرنے کے واقعے کے بعد خیبرپختونخوا حکومت نے ضلع پشاور میں ہیلتھ ایمرجنسی نافذ کردی جبکہ بڑے سرکاری اسپتالوں کو بھی ہائی الرٹ رہنے اور زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

محکمہ صحت خیبرپختونخوا کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق الخیر پبلک اسکول میں چھت گرنے کے واقعے کے بعد زخمیوں کو طبی امداد کے لیے متعلقہ اسپتالوں میں منتقل کیا جا رہا ہے، جس کے پیش نظر مجاز حکام نے ضلع پشاور میں ہیلتھ ایمرجنسی نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

محکمہ صحت نے میڈیکل ٹیچنگ انسٹی ٹیوشن خیبر ٹیچنگ اسپتال (کے ٹی ایچ) اور لیڈی ریڈنگ اسپتال (ایل آر ایچ) کی انتظامیہ کو بھی ہدایت کی ہے کہ زخمیوں کے فوری علاج کے لیے تمام ضروری انتظامات یقینی بنائے جائیں اور ڈاکٹرز، طبی عملے، ادویات، طبی آلات اور ایمبولینسوں کی چوبیس گھنٹے دستیابی برقرار رکھی جائے۔

اعلامیے کے مطابق تمام متعلقہ سرکاری اسپتالوں، میڈیکل ٹیچنگ اداروں اور ریسکیو و طبی ایمرجنسی سروسز کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ کسی بھی زخمی کو طبی امداد کی فراہمی میں تاخیر نہ ہو۔

سیکرٹری صحت خیبرپختونخوا کی جانب سے جاری کردہ آفیسر آرڈر میں ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز اور متعلقہ اسپتالوں کی انتظامیہ کو ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لیے مؤثر رابطہ کاری، مسلسل نگرانی اور تمام ضروری وسائل کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز کو فوری طور پر ایمرجنسی کنٹرول روم قائم کرنے کی ذمہ داری بھی سونپی گئی ہے۔

دوسری جانب ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر پشاور کو بھی ضلع بھر میں ہنگامی طبی انتظامات موثر بنانے، متعلقہ طبی مراکز اور عملے کو چوبیس گھنٹے الرٹ رکھنے اور زخمیوں کی تعداد، اسپتالوں میں داخلے، ریفرل اور علاج کی صورت حال سے متعلق باقاعدہ رپورٹس محکمہ صحت کو ارسال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔