کراچی میں کتے کے کاٹے کا شکار ایک اور شخص انتقال کرگیا

رواں سال مرنے والوں کی تعداد 39 تک پہنچ گئی، 70 سالہ بزرگ کو گزشتہ روز اسپتال لایا گیا تھا


فاران خان October 15, 2026

کراچی میں سگ گزیدگی اور ریبیز کا شکار ایک اور شہری انتقال کرگیا جس کے بعد رواں سال میں مرنے والوں کی تعداد 39 ہوگئی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے بلدیہ ٹاؤن کے رہائشی 70 سالہ بزرگ کو ریبیز کی علامات پر جناح اسپتال گزشتہ روز منتقل کیا گیا۔

اسپتال انتظامیہ کے مطابق متاثرہ شہری کو 20 روز قبل بائیں ہاتھ اور پاؤں پر کتے نے کاٹا تھا، جس کے بعد شہری نے ریبیز سے بچاؤ کی ویکسین نہیں لگوائی تھی۔

انتظامیہ کے مطابق مریض ایف جی او وارڈ میں داخل تھا جو آج انتقال کرگیا۔ جناح اسپتال میں اب تک ریبیز سے9 اموات رپورٹ ہوچکی ہیں جبکہ رواں سال ریبیز سے اموات کی تعداد 39 ہوگئی ہے۔