اینڈرائیڈ فون سے اب کمپیوٹر شٹ ڈاؤن اور ری اسٹارٹ کرنا بھی ممکن ہوگا

ایپ میں موجود ’لاک پی سی‘ کا بٹن تبدیل کرکے پاور بٹن شامل کیا جا رہا ہے


ویب ڈیسک October 16, 2026

مائیکرو سافٹ کی ایپ ’لنک ٹو ونڈوز‘ میں نئے فیچرز شامل کیے جا رہے ہیں، جن کی مدد سے صارفین اپنے اینڈرائیڈ فون کے ذریعے دور بیٹھے ونڈوز کمپیوٹر کو بند یا دوبارہ شروع کرسکیں گے۔ اس سے قبل یہ ایپ فون اور کمپیوٹر کو آپس میں منسلک کرکے کالز، پیغامات، تصاویر اور فائلز کی منتقلی سمیت مختلف کاموں میں سہولت فراہم کرتی تھی۔

ٹیکنالوجی ویب سائٹ اینڈرائیڈ اتھارٹی کے مطابق، نئے ورژن میں کمپیوٹر کو کنٹرول کرنے کے مزید اختیارات باضابطہ طور پر متعارف کرائے جا رہے ہیں۔ اب تک ایپ کے ذریعے پی سی کو لاک کرنے کی سہولت موجود تھی، تاہم نئے اپ ڈیٹ کے بعد صارفین کو زیادہ کنٹرول حاصل ہوگا۔

رپورٹ کے مطابق، ایپ میں موجود ’لاک پی سی‘ کا بٹن تبدیل کرکے پاور بٹن شامل کیا جا رہا ہے۔ اس پر کلک کرنے سے چار آپشنز سامنے آئیں گے، جن میں کمپیوٹر کو لاک کرنا، سلیپ موڈ میں ڈالنا، شٹ ڈاؤن کرنا اور ری اسٹارٹ کرنا شامل ہیں۔

ان میں سے کسی بھی آپشن کا انتخاب کرنے پر ایپ صارف کو خبردار کرے گی کہ اس عمل کے نتیجے میں کمپیوٹر پر موجود غیر محفوظ شدہ ڈیٹا ضائع ہوسکتا ہے۔ اس لیے کمپیوٹر بند یا ری اسٹارٹ کرنے سے پہلے ضروری فائلز محفوظ کرنا اہم ہوگا۔