بالی وڈ اداکار عمران خان نے بھارت چھوڑنے سے متعلق حکام کی جانب سے جاری کیے گئے نوٹس کے خلاف قانونی کارروائی کا فیصلہ کرلیا ہے۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق، اداکار کی قانونی ٹیم اس معاملے پر بمبئی ہائی کورٹ سے رجوع کرنے کی تیاری کررہی ہے۔
رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ ممبئی پولیس نے عمران خان کو مبینہ طور پر غیر ملکی شہریت اور متعلقہ قوانین کی خلاف ورزی کا حوالہ دیتے ہوئے ملک چھوڑنے کا حکم دیا تھا۔ یہ معاملہ اس وقت سامنے آیا جب اداکار نے ممبئی کے اگست کرانتی میدان میں ہونے والے ایک عوامی احتجاج میں شرکت کی۔
اطلاعات کے مطابق، احتجاج میں ان کی شرکت کے بعد حکام نے ان کی سیاسی سرگرمیوں پر اعتراض اٹھایا۔ حکام کا مؤقف ہے کہ عمران خان امریکی شہری اور اوورسیز سٹیزن آف انڈیا (او سی آئی) کارڈ ہولڈر ہیں، اس لیے وہ بھارت میں مقامی احتجاجی یا سیاسی سرگرمیوں میں حصہ نہیں لے سکتے۔
دوسری جانب اداکار کے وکلا کا کہنا ہے کہ متعلقہ قوانین کے تحت احتجاج میں شرکت کو غیر قانونی قرار نہیں دیا جاسکتا۔ اسی مؤقف کی بنیاد پر ان کی قانونی ٹیم نے نوٹس کو عدالت میں چیلنج کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
پولیس اور امیگریشن حکام کی جانب سے جاری نوٹس میں عمران خان کو 28 اکتوبر تک بھارت چھوڑنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ اب ان کے وکلا اس حکم کے خلاف بمبئی ہائی کورٹ میں درخواست دائر کریں گے۔