ایف آئی اے کا بڑا کریک ڈاؤن: 190 ایجنٹس گرفتار، 61 کروڑ سے زائد برآمد

شہریوں کو بیرونِ ملک ملازمت اور سفر کے نام پر فراڈ سے بچانے اور انسانی اسمگلنگ روکنے کے لیے سرگرم عمل ہیں، حکام


ویب ڈیسک October 16, 2026
فوٹو: فائل

راولپنڈی:

ایف آئی اے اسلام آباد زون نے غیر قانونی ویزا ایجنٹس اور شہریوں سے دھوکادہی میں ملوث عناصر کے خلاف 4 ماہ کے دوران بھرپور اور سخت کریک ڈاؤن کیا ہے۔

ڈائریکٹر ایف آئی اے اسلام آباد زون شہزاد ندیم بخاری کی زیرِ نگرانی کارروائیوں میں مزید تیزی لا کر شہریوں سے فراڈ کرنے والوں کے خلاف گھیرا تنگ کر دیا گیا ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 4 ماہ کے دوران اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل راولپنڈی نے 668 مقدمات درج کرکے 70 ملزمان کو گرفتار اور 20 کروڑ 45 لاکھ روپے کی ریکوری کی۔

اسی عرصے میں اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل اسلام آباد نے 875 مقدمات درج کیے اور 120 ملزمان کو گرفتار کر کے 41 کروڑ 10 لاکھ 50 ہزار روپے برآمد کر لیے۔ دونوں سرکلز نے مجموعی طور پر 1543 مقدمات درج کیے، جن میں 190 ملزمان کو گرفتار کر کے شہریوں سے لوٹی گئی 61 کروڑ 55 لاکھ 50 ہزار روپے کی ریکوری عمل میں لائی گئی۔

ڈائریکٹر شہزاد ندیم بخاری نے کہا ہے کہ اسلام آباد زون شہریوں کو بیرونِ ملک ملازمت اور سفر کے نام پر فراڈ سے بچانے اور انسانی اسمگلنگ روکنے کے لیے سرگرم عمل ہے۔

انہوں نے شہریوں کو ہدایت کی کہ ویزا ایجنٹ سے معاملہ کرتے وقت ضروری تصدیق لازمی کریں اور کسی بھی غیر قانونی سرگرمی کی صورت میں حکام کو فوری اطلاع دیں۔