مڈٹرم انتخابات سے پہلے ٹرمپ کی مقبولیت کو دھچکا، 64 فیصد امریکی کارکردگی سے ناخوش

سروے کے مطابق مہنگائی پر قابو پانے کے معاملے میں بھی صدر ٹرمپ کو عوامی حمایت حاصل نہیں ہوسکی


ویب ڈیسک October 16, 2026

امریکا میں وسط مدتی انتخابات سے قبل صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی کارکردگی پر عوامی عدم اطمینان بڑھنے کا انکشاف ہوا ہے۔

امریکی نشریاتی ادارے فوکس نیوز کے سروے کے مطابق 64 فیصد امریکیوں نے صدر ٹرمپ کی مجموعی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار کیا، جبکہ 36 فیصد نے ان کی کارکردگی کو تسلی بخش قرار دیا۔

سروے کے مطابق مہنگائی پر قابو پانے کے معاملے میں بھی صدر ٹرمپ کو عوامی حمایت حاصل نہیں ہوسکی۔ 55 فیصد امریکیوں نے مہنگائی کم کرنے سے متعلق ان کے دعوے کو مسترد کیا، جبکہ 77 فیصد افراد نے مہنگائی کے خلاف ان کی کارکردگی پر ناراضی ظاہر کی۔

امریکی معیشت کی صورتحال بھی عوامی تشویش کا اہم سبب سامنے آئی۔ سروے میں 74 فیصد شرکا نے معاشی حالات پر شدید پریشانی ظاہر کی، جبکہ 53 فیصد نے خدشہ ظاہر کیا کہ مستقبل میں امریکی معیشت مزید خراب ہوسکتی ہے۔

اس کے علاوہ 66 فیصد امریکیوں نے ملک کی مجموعی سمت پر عدم اطمینان کا اظہار کیا۔

فوکس نیوز کے مطابق سروے میں سامنے آنے والی شرح صدر ٹرمپ کے دونوں ادوار میں ان کی مقبولیت کی کم ترین سطح ہے۔ یہ نتائج ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب امریکا میں وسط مدتی انتخابات قریب آرہے ہیں اور معیشت و مہنگائی اہم عوامی موضوعات ہیں۔