قبائلی عمائدین کا علاقائی ترقیاتی کونسل کے قیام اور الگ انتظامی نظام کے فیصلے کا خیرمقدم

قبائلی عوام کا تعلق پاکستان اور ریاست کے ساتھ ہے اور وہ ریاست کے ساتھ کھڑے ہیں، قبائلی عمائدین


ویب ڈیسک October 16, 2026

پشاور:

باجوڑ کے قبائلی عمائدین نے علاقائی ترقیاتی کونسل کے قیام اور قبائلی اضلاع کے لیے الگ انتظامی نظام کے فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے۔

خیبر پختونخوا کے قبائلی عمائدین نے قبائلی اضلاع کے لیے الگ سیکریٹریٹ اور کونسل کے قیام کے حکومتی فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے مقامی مسائل کے حل، ترقیاتی ضروریات کی تکمیل اور قبائلی علاقوں کو مؤثر نمائندگی فراہم کرنے کی جانب اہم اقدام قرار دیا۔

مقامی عمائدین کے مطابق انضمام کے بعد قبائلی علاقوں کو وہ توجہ اور ترقی نہیں مل سکی جس کی توقع کی جا رہی تھی، جبکہ امن و امان کے حوالے سے بھی مسائل برقرار رہے۔

مقامی عمائدین نے حکومتِ پاکستان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ قبائلی اضلاع کے لیے الگ انتظامی ڈھانچے اور کونسل کا قیام قبائلی عوام کے دیرینہ مطالبے کی تکمیل ہے۔

انہوں نے کہا کہ قبائلی علاقوں کے لیے ترقیاتی فنڈز اور بجٹ کے معاملات کونسل کے ذریعے آگے بڑھانے سے ہر علاقے کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے ترقیاتی منصوبے ترتیب دینے میں مدد ملے گی۔ ان منصوبوں میں گلیوں، پلوں اور سڑکوں کی تعمیر سمیت مقامی آبادی کی بنیادی ضروریات کو شامل کیا جائے گا۔

مقامی عمائدین نے کہا کہ 2018 میں انضمام کے بعد سے قبائلی عوام اپنے علاقوں کے لیے الگ انتظامی نظام اور ترقیاتی وسائل کی فراہمی کا مطالبہ کرتے آ رہے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ نئے نظام کے تحت مقامی ضروریات اور ترجیحات کو مشاورت کے ذریعے ترقیاتی منصوبوں کا حصہ بنایا جا سکے گا، جس سے عوامی مسائل کے حل اور بنیادی سہولیات کی فراہمی میں بہتری کی توقع ہے۔

عمائدین نے واضح کیا کہ قبائلی عوام کا تعلق پاکستان اور ریاست کے ساتھ ہے اور وہ ریاست کے ساتھ کھڑے ہیں۔

مقامی عمائدین اور مشران نے قبائلی علاقوں کے لیے الگ سیکریٹریٹ اور کونسل کے قیام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے اس فیصلے پر حکومتِ پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔

قبائلی عمائدین نے امید ظاہر کی کہ نئے انتظامی نظام کے تحت قبائلی اضلاع کو ان کے جائز ترقیاتی وسائل میسر آئیں گے، مقامی آبادی کی مشاورت سے منصوبہ بندی کی جائے گی اور علاقے کی ترقی، عوامی مسائل کے حل اور امن و استحکام کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں گے۔