ٹیسلا نے اُڑنے والی گاڑی متعارف کرادی، ریلیزنگ 2028 میں متوقع

یہ گاڑی اسپیس ایکس کی راکٹ ٹیکنالوجی سے متاثرہ تھرسٹرز کے ساتھ تیار کی گئی ہے


ویب ڈیسک October 16, 2026

امریکی کمپنی ٹیسلا نے اپنی نئی نسل کی روڈسٹر اسپورٹس کار کی رونمائی کردی ہے، جس نے مظاہرے کے دوران مختصر طور پر ہوا میں اڑنے، فضائی گردش کرنے اور دوبارہ زمین پر اترنے کا مظاہرہ کیا۔

یہ گاڑی اسپیس ایکس کی راکٹ ٹیکنالوجی سے متاثرہ تھرسٹرز کے ساتھ تیار کی گئی ہے۔

نئی روڈسٹر میں کمپریسڈ ایئر تھرسٹرز اور تقریباً 10 نوزلز استعمال کیے گئے ہیں۔ مظاہرے میں گاڑی نے ریمپ پر الٹی سمت میں چلنے، ہوا میں چھلانگ لگانے اور دورانِ پرواز گھومنے کے بعد محفوظ طریقے سے زمین پر اترنے کا مظاہرہ کیا۔

تاہم یہ ابھی روایتی طیارے یا ہیلی کاپٹر کی طرح مسلسل پرواز کرنے والی گاڑی ثابت نہیں ہوئی۔ ٹیسلا کے مطابق روڈسٹر صفر سے 60 میل فی گھنٹہ کی رفتار تقریباً ایک سیکنڈ سے بھی کم وقت میں حاصل کرسکتی ہے، جبکہ اس کی زیادہ سے زیادہ رفتار 230 میل فی گھنٹہ سے زائد بتائی گئی ہے۔

کمپنی نے اس گاڑی کو بنیادی طور پر اپنی جدید ٹیکنالوجی اور انجینئرنگ صلاحیتوں کی نمائش کے طور پر پیش کیا ہے۔ 

ایلون مسک کے مطابق گاڑی کی پیداوار 2028 میں شروع کرنے کا منصوبہ ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ نئی روڈسٹر کا تصور پہلی بار 2017 میں پیش کیا گیا تھا اور اس کی ڈیلیوری پہلے 2020 میں شروع کرنے کا وعدہ کیا گیا تھا، لیکن منصوبہ کئی مرتبہ تاخیر کا شکار ہوا۔