پی ٹی آئی پر بطور جماعت پابندی ہوگی، اپنے بیان پر قائم ہوں، فیصل واوڈا

پی ٹی آئی میں ایک طبقہ ہے جو دہشت گردوں کو سپورٹ کر رہا ہے، بانی پی ٹی آئی مزید پھنس گئے ہیں، سابق وفاقی وزیر


ویب ڈیسک October 16, 2026
فوٹو: فائل

سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) میں ایک طبقہ دہشت گردوں کو سپورٹ کر رہا ہے جبکہ پوری جماعت کو دہشت گرد کہنا سراسر زیادتی ہوگی تاہم پی ٹی آئی پر بطور جماعت پابندی ہوگی اور اس حوالے سے اپنے بیان پر قائم ہوں اور بانی پی ٹی آئی عمران خان مزید پھنس گئے ہیں۔

ایکسپریس نیوز کے پروگرام سینٹر اسٹیج میں پی ٹی آئی کے سابق رہنما اور سابق وفاقی وزیر فیصل واوڈا نے خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی اور گورنر راج کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 6 مہینے میں کوئی کچھ ریورس نہیں ہو رہا، 6 مہینے میں دہشت گردی کیسے ختم ہو سکتی ہے؟ 6 مہینے میں آپ کیا کر سکیں گے؟ 6 مہینے میں ایک سمت دینی ہے اور ناکام ہونے کا کوئی موقع نہیں ہے۔

فیصل واوڈا نے کہا کہ خیبرپختونخوا کی موجودہ کابینہ کے 75 فیصد لوگوں کو جانتا ہوں وہ قابل ہیں، اس کابینہ نے 5 فیصد بھی کام کیا تو پی ٹی آئی فارغ ہو جائے گی۔

پی ٹی آئی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ جن کے باپ دادا کے پاس کچھ نہیں تھا وہ اب امیر ہو گئے ہیں، عوام کے پاس تو کچھ بھی نہیں ہے، عوام کسی لیڈر کے پیچھے نکلنے کو تیار نہیں ہیں، کسی لیڈر نے بھی عوام کو ڈیلیور نہیں کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ صرف خیبرپختونخوا نہیں بلکہ باقی جگہوں پر بھی ایسی صورت حال ہے، بلوچستان اور خیبرپختونخوا کی صورت حال میں فرق ہے، جب دہشت گردوں کو ختم کرنے میں رکاوٹ بنیں گے تو ایسا ہو گا۔

فیصل واوڈا نے کہا کہ دہشت گردی کے مسئلے پر خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی لگی ہے، فیصل کریم کنڈی سے میری بات ہوئی ہے اور انہوں نے گزشتہ 5 دنوں میں اچھے اقدامات کیے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان ہمیشہ پاک فوج کے ساتھ کھڑے رہے ہیں، انہیں اگر کوئی تحفظات ہیں تو ہم اس حوالے سے ان سے بات چیت کریں گے، بعض اوقات مس انڈر اسٹینڈنگ بھی ہو جاتی ہے، اس وقت جو باتیں کی جا رہی ہیں وہ تکلیف دہ ہیں، مولانا کے ساتھ احترام والا رشتہ ہے۔

سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ پی ٹی آئی پوری جماعت کو دہشت گرد کہنا سراسر زیادتی ہو گی، پی ٹی آئی میں اچھے لوگ بھی ہیں جو ملک کے ساتھ مخلص ہیں، پی ٹی آئی کے اپنے لوگ بھی دہشت گردی میں شہید ہوئے تاہم پی ٹی آئی میں ایک طبقہ ہے جو دہشت گردوں کو سپورٹ کر رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ بات نا جائز ہو گی کہ ساری جماعت دہشت گردوں کی ساتھی ہے، پاکستان کے جھنڈے کے تلے ہی سب جھنڈے ہیں۔

فیصل واوڈا نے کہا کہ میں نے 10 مہینے پہلے کہا تھا کہ خیبرپختونخوا میں گورنر راج لگے گا، 10 مہینے پہلے یہ بھی کہا تھا کہ پی ٹی آئی پر پابندی ہوگی، پی ٹی آئی پر پابندی ہوسکتی ہے، 10 مہینے پہلے والے بیان پر قائم ہوں، دو چیزیں ہو چکی ہیں اور ایک باقی ہے۔

انہوں نے کہا کہ میری سوچ کے مطابق پی ٹی آئی بطور جماعت بین ہو جائے گی، سلیبس میں چیزیں ڈالی جاتی ہیں اور پھر نکال بھی لی جاتی ہیں، پارٹ ون کا آغاز ہو گیا ہے، پارٹ ٹو اور تھری بھی آ جائے گا، جب پارٹ ٹو اور تھری آئیں گے تو پھر اس پر بات ہو گی، جب وقت آ ئے گا تو اس حوالےسے بتائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی تو مزید پھنس گئے ہیں، میں نے کہا تھا کہ بانی کو بند کنوئیں میں لے جا رہے ہیں، پی ٹی آئی چاہتی تھی کہ بانی اندر رہیں کیونکہ بانی رہا ہوئے تو ابھی جو پی ٹی آئی میں لوگ نظر آ رہے ہیں وہ نظر نہیں آ ئیں گے۔

فیصل واوڈا نے مزید کہا کہ درخت میں دیمک لگی اور سارے درخت کو کھا گئی، جڑیں خراب ہو جائیں تو درخت کو کاٹ ہی دیں گے، صرف شاخوں کو تو نہیں کاٹیں گے، جمہوریت کو طاقت ور بنائیں گے، اب جو ڈلیور کرے گا وہی رہے ہیں۔