یمن کے شہر عدن کے ہوائی اڈے کے قریب دو میزائل گرنے کی اطلاع ہے جبکہ حوثیوں نے حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا ہدف سعودی فوجی کمانڈ سینٹر تھا۔
عالمی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق جمعے کو عدن ایئرپورٹ کے قریب زوردار دھماکوں کی آواز سے پورا علاقہ لرز اُٹھا تھا جسے وہاں موجود صحافیوں نے محسوس کیا اور بعد ازاں دو میزائل گرنے کی تصدیق بھی کی۔
جس کے بارے میں حوثیوں نے دعویٰ کیا ہے کہ یہ میزائل حملے میں سعودی کمانڈ سینٹر کو نشانہ بنانے کے لیے داغے گئے جو عدن ایئرپورٹ کے نزدیک واقع ہے اور یہ مرکز سعودی حمایت یافتہ یمنی حکومت کے زیر انتظام علاقے میں واقع ہے۔
خیال رہے کہ عدن یمن کی بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ حکومت کا عبوری دارالحکومت ہے جبکہ حوثی یمن کے شمالی حصوں پر قابض ہے اور یمنی حکومت کے ساتھ سعودی اتحادی فوج سے لڑ رہے ہیں۔
تاہم ایئرپورٹ کے قریب میزائل گرنے کے تازہ واقعے میں جانی نقصان یا املاک کو پہنچنے والے نقصان کی تفصیلات دستیاب نہیں ہیں۔
اس سے ایک روز قبل عدن میں صدارتی محل کے احاطے پر حوثیوں کے حملے میں یمنی حکام کے مطابق پانچ افراد ہلاک اور 16 زخمی ہوئے تھے۔