بھارت اور ویسٹ انڈیز کی ٹی ٹوئنٹی سیریز میں چھکوں کی برسات، نیا عالمی ریکارڈ قائم

دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا آخری اور فیصلہ کن میچ آج کھیلا جائے گا


اسپورٹس ڈیسک October 17, 2026

بھارت اور ویسٹ انڈیز کے درمیان جاری ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل سیریز میں بیٹرز کی جارحانہ بیٹنگ نے کرکٹ شائقین کو حیران کر دیا جہاں صرف چار میچز میں 98 چھکے لگائے گئے۔

بھارتی اخبار انڈین ایکسپریس کے مطابق دونوں ٹیموں نے محض 918 گیندوں پر یہ کارنامہ انجام دے کر مردوں کی ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ کی تاریخ کی تیز ترین رن بنانے والی دوطرفہ سیریز کا ریکارڈ قائم کیا۔

سیریز کے تیسرے میچ میں ویسٹ انڈیز نے بھارت کا 249 رنز کا ہدف 18.3 اوورز میں حاصل کرتے ہوئے 252 رنز بنائے۔

اس مقابلے میں مہمان ٹیم نے چھ وکٹوں سے کامیابی حاصل کی۔

اندور میں کھیلے گئے میچ میں بھارت نے 223 رنز اسکور کیے اور ویسٹ انڈیز کو 209 رنز تک محدود رکھا۔

حیدرآباد میں ہونے والے چوتھے میچ میں ویسٹ انڈیز نے کپتان شائے ہوپ کی ناقابلِ شکست سنچری کی بدولت 3 وکٹوں پر 247 رنز بنائے جس کے جواب میں بھارتی ٹیم 223 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔

اس کامیابی کے ساتھ ویسٹ انڈیز نے سیریز 2-2 سے برابر کردی۔

واضح رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا آخری اور فیصلہ کن میچ آج کھیلا جائے گا۔