کوئٹہ:
بلوچستان کے ضلع خضدار اور گردونواح میں ہفتے کی صبح زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے جس کے باعث شہری خوف زدہ ہوکر گھروں سے باہر نکل آئے۔
زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلہ صبح 5 بج کر 6 منٹ پر آیا، جس کی شدت 5.9 اور گہرائی 25 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی۔ زلزلے کا مرکز خضدار سے 48 کلومیٹر شمال مغرب میں تھا۔
زلزلے کے شدید جھٹکوں کے باعث شہری کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے کھلی جگہوں پر جمع ہوگئے، جبکہ خوف کے باعث کئی خاندان صبح تک گھروں سے باہر رہے۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق تاحال کسی جانی یا مالی نقصان کی تصدیق شدہ اطلاع موصول نہیں ہوئی۔ تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ کردیا گیا ہے اور صورتحال پر نظر رکھی جا رہی ہے۔
علاقہ مکینوں کے مطابق زلزلے کے بعد بھی ہلکے جھٹکے محسوس کیے گئے، جس سے شہریوں میں خوف و ہراس مزید بڑھ گیا۔ انتظامیہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ معلومات کے لیے صرف سرکاری ذرائع پر اعتماد کریں۔