بچوں کی مسلسل کھانسی سے پریشان ہیں؟ آرام پہنچانے والے آسان گھریلو طریقے جانیں

اگر بچے کو سانس لینے میں دشواری، مسلسل تیز بخار ہو تو گھریلو ٹوٹکوں کے بجائے ڈاکٹر سے رجوع کریں


ویب ڈیسک October 17, 2026

موسم کی تبدیلی کے ساتھ بچوں میں نزلہ، زکام اور کھانسی کی شکایات عام ہو جاتی ہیں، خصوصاً رات کے وقت مسلسل کھانسی بچوں کی نیند اور سکون متاثر کرتی ہے۔

ایسے میں والدین اکثر گھریلو ٹوٹکوں کا سہارا لیتے ہیں، تاہم ضروری ہے کہ بچوں کے لیے صرف محفوظ طریقے ہی اپنائے جائیں۔

سرسوں کے تیل اور لہسن کا روایتی ٹوٹکا

معروف گھریلو نسخوں میں زبیدہ آپا سے منسوب ایک ٹوٹکا بھی شامل ہے، جس میں سرسوں کے تیل، لہسن، ہلدی اور اجوائن کو گرم کر کے بچے کے سینے پر مالش کرنے کا مشورہ دیا جاتا ہے۔

شہد سے کھانسی میں آرام

ایک سال سے زیادہ عمر کے بچوں کو آدھے سے ایک چائے کا چمچ شہد دینے سے رات کے وقت کھانسی میں کچھ آرام مل سکتا ہے۔

البتہ ایک سال سے کم عمر بچوں کو شہد ہرگز نہیں دینا چاہیے۔

نیم گرم مشروبات کا استعمال

بچوں کو عمر کے مطابق نیم گرم پانی یا سوپ دینے سے گلے کی خشکی اور جلن کم کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔

ناک بند ہونے کی صورت میں سیلائن ڈراپس بھی فائدہ مند ثابت ہو سکتے ہیں۔

کن باتوں کا خیال رکھیں؟

بچوں کے تلوؤں پر وکس لگانے سے کھانسی ٹھیک ہونے کے سائنسی شواہد نہیں ملتے، جبکہ دو سال سے کم عمر بچوں پر مینتھول والے بام استعمال نہیں کرنے چاہییں۔

اگر بچے کو سانس لینے میں دشواری، مسلسل تیز بخار یا کھانسی میں غیر معمولی اضافہ ہو تو گھریلو ٹوٹکوں کے بجائے ڈاکٹر سے رجوع کریں۔