آئی ایم ایف نے اے آئی، مہنگائی اور قرضوں کو عالمی معیشت کیلیے بڑا خطرہ قرار دیدیا

مرکزی بینکوں کو چاہیے کہ وہ مہنگائی پر قابو پانے اور قیمتوں کو مستحکم رکھنے پر مکمل توجہ دیں، سربراہ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ


ارشاد انصاری October 17, 2026

اسلام آباد:

آئی ایم ایف نے مصنوعی ذہانت، ، مہنگائی اور بڑھتے قرضوں کو عالمی معیشت کے لیے بڑے خطرات قرار دے دیا۔

بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی سربراہ کرسٹالینا جارجیوا نے عالمی معیشت کے مستقبل کے حوالے سے امید اور خدشات دونوں کا اظہار کیا ہے۔

آئی ایم ایف اور عالمی بینک کے سالانہ اجلاس کے موقع پر کرسٹالینا جارجیوا نے مصنوعی ذہانت، مہنگائی، بڑھتے قرضوں اور موسمیاتی تبدیلی کو معیشت کے لیے بڑے خطرات قرار دیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ توانائی اور مالی وسائل کی کمی سے معیشت پر دباؤ بڑھ رہا ہے جبکہ مہنگائی اور شرح سود میں اضافے کے باعث مختلف ممالک کے لیے قرضوں کی ادائیگی مسلسل مشکل ہوتی جا رہی ہے۔

آئی ایم ایف سربراہ نے زور دیا کہ مصنوعی ذہانت سے بھرپور فائدہ اٹھانا چاہیے لیکن اس کے ساتھ عوام اور کاروباری اداروں کا تحفظ بھی یقینی بنانا انتہائی ضروری ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ مرکزی بینکوں کو چاہیے کہ وہ مہنگائی پر قابو پانے اور قیمتوں کو مستحکم رکھنے پر مکمل توجہ دیں۔ اس کے ساتھ ساتھ سائبر حملوں اور مالی دھوکا دہی سے بچاؤ کے لیے نگرانی کا نظام مزید سخت کرنا ہو گا۔