خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی پہلے ہی نافذ ہوجانی چاہیے تھی، نواز شریف

خیبرپختونخوا کے عوام تحریک انصاف کی حکومت سے آزاد ہوگئے ہیں، کس ملک کا وزیراعلیٰ دارالحکومت پر حملہ کرتا ہے؟ قائد ن لیگ


ویب ڈیسک October 17, 2026
فوٹو: فائل

مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں محمد نواز شریف نے خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی نفاذ کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ کام بہت پہلے ہوجانا چاہیے تھا۔

لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی کا نفاذ ضروری اقدام ہے اور ایمرجنسی پہلے ہی نافذ ہوجانی چاہیے تھی کیونکہ خیبرپختونخوا میں امن و امان کی صورتحال خراب ہوچکی تھی۔

انہوں نے کہا کہ صوبے کے حالات قابو سے باہر ہورہے تھے، ایمرجنسی کا فیصلہ پہلے ہو جانا چاہیے تھا، کس ملک میں وزیراعلیٰ سرکاری وسائل سے وفاقی دارالحکومت پر حملہ کرتا ہے؟

نواز شریف نے کہا کہ صوبائی وسائل کو اسلام آباد اور دوسرے صوبوں کیخلاف استعمال کرنا کہاں کا طریقہ ہے؟ خیبرپختونخوا کے عوام تحریک انصاف کی حکومت سے آزاد ہوگئے ہیں۔

مسلم لیگ ن کے قائد کا مزید کہنا تھا کہ تحریک انصاف نے گزشتہ 13 سال میں خیبرپختونخوا کو نقصان پہنچایا جس کیوجہ سے صوبہ بہت پیچھے چلا گیا۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) ملک کی ترقی اور خوشحالی کیلئے پُرعزم ہے۔