محمد رضوان کو ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کی اجازت مل گئی

وہ 19 اکتوبر سے پریذیڈنٹ ٹرافی کے چار روزہ میچ میں سوئی ناردرن گیس کی قیادت کریں گے


ویب ڈیسک October 17, 2026

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق ٹیسٹ کپتان اور وکٹ کیپر محمد رضوان کو ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کی اجازت مل گئی ہے۔ وہ 19 اکتوبر سے پریذیڈنٹ ٹرافی کے چار روزہ میچ میں سوئی ناردرن گیس کی قیادت کریں گے، جہاں ان کی ٹیم کا مقابلہ ریسرچ لیبارٹریز سے ہوگا۔ میچ شعیب اختر کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

سوئی ناردرن گیس کے ڈائریکٹر کرکٹ اور ہیڈ کوچ محمد حفیظ نے تصدیق کی ہے کہ انہیں پی سی بی کے ڈائریکٹر ڈومیسٹک، اسامہ شیرون نیازی کی جانب سے رضوان کی شرکت کے حوالے سے باضابطہ ای میل موصول ہوئی ہے۔

محمد رضوان ان سات کھلاڑیوں میں شامل تھے جنہیں اگست 2026 میں لارڈز میں انگلینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں پاکستان کی 194 رنز سے شکست کے بعد پی سی بی نے ہنگامی بنیادوں پر وطن واپس بلا لیا تھا۔ بعد ازاں انہیں این سی سی آئی اے میں طلب کیا گیا، جہاں ان کے خلاف انکوائری جاری ہے۔

اطلاعات کے مطابق رضوان اور کرکٹ بورڈ کے درمیان معاملات بہتر بنانے کی کوششیں جاری ہیں۔ رضوان بھی کسی مزید محاذ آرائی کے بجائے اپنی کرکٹ پر توجہ دینا چاہتے ہیں اور اسی مقصد کے تحت انہوں نے ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کی اجازت طلب کی تھی۔