یوکرین کی قومی فٹ بال ٹیم کے سابق کھلاڑی رومن میکسی میوک روس کے خلاف جنگ لڑتے ہوئے ہلاک ہوگئے۔ ان کی ہلاکت کی تصدیق ان کے محاذِ جنگ سے لاپتا ہونے کے 20 ماہ بعد ہوئی ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق رومن میکسی میوک نے لاپتا ہونے سے قبل 30 جنوری 2025 کو اپنی اہلیہ کو آخری بار فون کیا تھا۔ یہ ان کی زندگی کی آخری فون کال ثابت ہوئی، جس کے بعد ان کا کوئی سراغ نہیں مل سکا۔
اب ان کی بیٹی داریا کے ڈی این اے نمونے میچ کر جانے کے بعد فوجی کی ہلاکت کی تصدیق ہو گئی ہے۔ وہ روس اور یوکرین کے درمیان جاری جنگ میں شریک تھے۔
رومن نے ماضی میں یوکرین کے مختلف فٹ بال کلبز (جن میں ڈائنامو کیف، دنیپرو، وولن، چورنومورٹس اور پری کارپیتیا شامل ہیں) کی جانب سے بطور مڈفیلڈر نمائندگی کی تھی۔
انہوں نے 1998 سے 2002 کے دوران یوکرین کی قومی ٹیم کی جانب سے پانچ میچ کھیلے جبکہ 2011 میں فٹ بال سے ریٹائرمنٹ لے لی تھی۔
سن 2022 میں روس کے یوکرین پر حملے کے بعد سابق فٹ بالر نے بھی جنگ میں حصہ لینے کا فیصلہ کیا اور 25 ویں سیچیسلاو ایئر بورن بریگیڈ میں گنر کے طور پر خدمات انجام دینے لگے۔