پاک فوج اور محکمہ صحت آزاد کشمیر کا ایل او سی پر فری میڈیکل کیمپ

سیکڑوں مریضوں کا مفت طبی معائنہ اور مفت ادویات فراہم کی گئیں


ویب ڈیسک October 18, 2026

مظفرآباد:

پاک فوج اور محکمہ صحت عامہ آزاد کشمیر کے اشتراک سے لائن آف کنٹرول کے دور افتادہ علاقے میں ایک روزہ فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔

فری میڈیکل کیمپ میں پاک فوج اور محکمہ صحت کے ماہر ڈاکٹرز نے اپنے فرائض سرانجام دیے، دیہی مرکزِ صحت میں لگائے گئے کیمپ میں سیکڑوں مریضوں کا مفت طبی معائنہ کر کے مستحق شہریوں کو مفت ادویات فراہم کی گئیں۔

فری میڈیکل کیمپ میں میڈیکل، سرجیکل، چائلڈ، اسکن، گائناکالوجی، ای این ٹی، آئی، ریڈیالوجی اور ڈینٹل اسپیشلسٹس نے مریضوں کا معائنہ اور علاج کیا۔

طبی سہولیات حاصل کرنے والے مریضوں نے اظہارِ تشکر کرتے ہوئے کہا کہ پسماندہ علاقوں میں فری میڈیکل کیمپوں کا انعقاد صحت کے مسائل حل کرنے میں معاون ثابت ہوتا ہے۔

عوام نے پاک فوج اور محکمہ صحت کی اس شاندار کاوش پر بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا۔