لانگ مارچ کیوں ناکام ہوا؟ پی ٹی آئی نے فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی بنادی

پی ٹی آئی کی سیاسی اور کور کمیٹی کا اجلاس الزام تراشی کی نظر، رہنماؤں کی سہیل آفریدی پر تنقید


ویب ڈیسک October 18, 2026

پشاور:

پاکستان تحریک انصاف کی کور کمیٹی اور سیاسی کمیٹی نے لانگ مارچ اور حکومت سے مذاکرات کی ناکامی کی تحقیقات کیلئے فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی قائم کردی۔

پارٹی کی کور کمیٹی اور سیاسی کمیٹی کے اجلاس میں لانگ مارچ کی ناکامی، منصوبہ بندی کے فقدان اور قیادت کے کردار پر سوالات اٹھائے گئے اور سہیل آفریدی کو لانگ مارچ کی ناکامی کا ذمہ دار قرار دیا گیا۔

اجلاس میں شریک رہنماؤں نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ لانگ مارچ کے لیے کوئی منصوبہ بندی نہیں تھی اور نہ ہی رہنماؤں کو اعتماد میں لیا گیا۔

سلمان اکرم راجہ نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ جب بھی سہیل آفریدی سے لانگ مارچ کے منصوبے کے بارے میں پوچھا جاتا تو وہ تفصیلات نہیں بتاتے تھے۔ پی ٹی آئی رہنماؤں کے مطابق لکی مروت سے مردان تک بھی انہیں منصوبہ بندی سے بے خبر رکھا گیا۔

اجلاس میں اکثریتی رہنماؤں کی جانب سے پی ٹی آئی کا اپوزیشن لیڈر لانے کا مطالبہ بھی کیا گیا، تاہم پارٹی کا موقف تھا کہ محمود اچکزئی بانی چیئرمین عمران خان کے نامزد کردہ ہیں، اس لیے انہیں عہدے سے نہیں ہٹایا جاسکتا۔

اجلاس میں بانی چیئرمین عمران خان سے ملاقات کے لیے بیرسٹر سیف سے رابطہ کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ پارٹی رہنماؤں نے تجویز دی کہ بانی چیئرمین سے ملاقات کے لیے رابطوں کی ذمہ داری بیرسٹر سیف کو سونپی جائے۔

پی ٹی آئی کور کمیٹی نے لانگ مارچ اور مذاکرات سے متعلق حقائق سامنے لانے کے لیے فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی بنانے کی منظوری دے دی۔ کمیٹی چار نکات پر اپنی رپورٹ پیش کرے گی، جن میں لانگ مارچ کی ناکامی کی وجوہات، مذاکرات ناکام ہونے کے اسباب اور لانگ مارچ کی فنڈنگ سے متعلق معاملات شامل ہیں۔

کمیٹی فارن فنڈنگ کے حوالے سے بھی تحقیقات کرے گی، فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی کے ارکان کا انتخاب آج شام ہونے والے اجلاس میں کیا جائے گا۔