پنجاب پولیس کے 14 سینئر افسران چین میں منی لانڈرنگ کی روک تھام اور دہشت گردی سمیت دیگر غیر قانونی سرگرمیوں کی مالی معاونت روکنے کے جدید طریقوں کی اعلیٰ سطحی تربیت حاصل کریں گے۔
28 اکتوبر سے 10 نومبر تک جاری رہنے والے تربیتی پروگرام میں چینی ماہرین پولیس افسران کو منی لانڈرنگ کی روک تھام اور دہشت گردی سمیت دیگر غیر قانونی سرگرمیوں کی مالی معاونت روکنے کے جدید طریقوں سے آگاہ کریں گے۔
پاکستان اپنی بہتر کارکردگی کے باعث پہلے ہی ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ سے نکل چکا ہے ۔
آئی جی پنجاب نے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے ڈی آئی جی، ایس ایس پی، ایس پی اور اے ایس پی رینک کے 14 پولیس افسران کو تربیت کے لیے نامزد کیا ہے۔
نامزد افسران میں ڈی آئی جی حسن حبیب امتیاز اور ڈی آئی جی محمد طیب حفیظ بھی شامل ہیں، جبکہ لاہور، ملتان، سیالکوٹ اور سہالہ سے تعلق رکھنے والے پولیس افسران بھی تربیتی پروگرام میں شرکت کریں گے۔ ایس پی عدیل شکور کو ریزرو امیدوار نامزد کیا گیا ہے۔
تربیت اور سیمینار کے دوران غیر قانونی رقوم کی منتقلی روکنے، مالی جرائم کی نشاندہی اور دہشت گردی کی مالی معاونت کا سدباب کرنے کے جدید طریقے سکھائے جائیں گے۔ اس اقدام کا مقصد غیر قانونی مالی وسائل کے جرائم اور منفی سرگرمیوں میں استعمال کو روکنا ہے۔
پاکستان منی لانڈرنگ کے خلاف اقدامات کے نتیجے میں پہلے ہی ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ سے نکل چکا ہے۔