پی آئی اے میں پرکشش سیٹوں کو نارمل سیٹوں میں تبدیل کرکے 50 لاکھ کے فراڈ کا انکشاف

پکڑے جانے والے ملازمین کی تنخواہوں سے یہ رقم کاٹنے کا حکم دے دیا گیا


طالب فریدی October 19, 2026
فوٹو: فائل

لاہور:

پی آئی اے میں پرکشش سیٹوں کو نارمل سیٹوں میں تبدیل کر 50 لاکھ روپے سے زائد کے فراڈ کا انکشاف ہواہے، پرکشش سیٹوں کا فراڈ  پوسٹ فلائی افسران کی ملی بھگت سے کیا گیا جبکہ فراڈ کرنے والوں میں  تین خواتین سمیت بیس کے قریب افسران و ملازمین شامل ہیں۔پکڑے جانے والے ملازمین کی تنخواہوں سے یہ رقم کاٹنے کا حکم دے دیا گیا، یہ فراڈ صرف علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر نہیں ہو رہا بلکہ اسلام آباد اور کراچی ایئرپورٹ پر بھی ہوچکا ہے۔

ایکسپریس نیوز کو ملنے والی دستاویزات کے مطابق پی آئی اے لاہور اسٹیشن علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے اندرون  اور بیرون ممالک جانے والی مختلف پروازوں پر پی آئی اے کا عملہ بورڈنگ اور پرواز کی روانگی کے بعد پرکشش بڑی سیٹوں کی رقم مسافروں سے لیکر اپنی جیبوں میں ڈالتے رہے اور سسٹم سے ان سیٹوں کو نارمل سیٹیں ہی ظاھر کرتے رہے مگر آڈٹ اینڈ فنانس کمیٹی نے یہ فراڈ پکڑ لیا، حیران کن بات یہ ہے کہ پوسٹ فلائی کے افسران اور ملازمین بھی اس میں شامل رہے۔

 ذرائع کے مطابق پوسٹ فلائی کا کام ہی آنے اور جانے والی پروازوں کی مکمل رپورٹ کرنی ہوتی ہے مگر ان کی طرف سے بھی غلفت برتی گئی، فنانس کمیٹی نے فراڈ پکڑنے کے بعد اسٹیشن مینجر پی آئی اے اشفاق حسین اعوان کو ان کے خلاف کارروائی کرنے کا حکم دیا جس پر انہوں نے کارروائی کرتے ہوئے صفدر گوندل کی تنخواہوں سے 34 ہزار 750 روپے ماجد امیر کی تنخواہ سے 97 ہزار 410 روپے صوبیہ ناز کی تنخواہوں سے ایک لاکھ 72 ہزار 360 روپے شہزاد محمود سے 47 ہزار 260 روپے کرن شہزاد ی کی تنخواہوں سے 33 ہزار 360 روپے ماجد امیر علی سے ایک لاکھ 26 ہزار 639روپے فیضلہ عامر سے 2800 روپے عمیر انصاری کی تنخواہ سے 41 ہزار 700 روپے کامران ظفر سے 20 ہزار 850 روپے اور  شہزاد بھٹی کی تنخواہوں سے 30 ہزار روپے  اور عامر زمان سے 6950 روپے کاٹے گئے۔

 ذرائع نے انکشاف کیا کہ حیران کن بات یہ ہے کہ ان ملازمین  پکڑے جانے کے باوجود آج تک انہی ہی پوسٹ پر ڈیوٹی سر انجام دے رہے ہیں جبکہ مزید کارروائی روک دی گئی ہے، پی آئی اے قوانین کے تحت مزید کارروائی ہونی تھی مگر چند اعلی افسران کی مداخلت پر ان ملازمین کے خلاف کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی، پرکشش سیٹوں پر مجموعی طور پر 50لاکھ 60 ہزار 269 روپے سے زائد کا فراڈ ہوا۔

جب اس سلسلے میں پی آئی اے کے ترجمان سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ متعلقہ آفیسر کو بھجوا دیا ہے جواب آنے پر بتا دیا جائے گا۔