بھارت: آنکھ پر دانت نکلنے کا نایاب واقعہ

طبی ماہرین نے اس کیس کو اپنی نوعیت کا پہلا معلوم واقعہ قرار دیا ہے


ویب ڈیسک October 19, 2026

بھارت میں ایک انتہائی نایاب طبی واقعہ سامنے آیا ہے جہاں ایک 16 سالہ لڑکے کی بائیں آنکھ کے اوپری حصے میں دانت نکل آئے۔ طبی ماہرین نے اس کیس کو اپنی نوعیت کا پہلا معلوم واقعہ قرار دیا ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق لڑکا بائیں آنکھ کے اوپر درد کے بغیر سوجن کی شکایت لے کر اسپتال پہنچا۔ کچھ عرصے بعد اس کی بھنوؤں اور پلک کے درمیان جلد سے دو سخت اور سفید نوکیں باہر نکلنے لگیں۔ ڈاکٹروں نے طبی معائنے اور سی ٹی اسکین کے بعد تصدیق کی کہ آنکھ کے خانے کے بالائی حصے میں مکمل دانت موجود تھے۔

طبی اصطلاح میں اس کیفیت کو ایکٹوپک ٹوتھ کہا جاتا ہے، جس میں دانت منہ کے بجائے جسم کے کسی غیر معمولی حصے میں نشوونما پاتے ہیں۔ ماضی میں ناک اور تالو میں دانت نکلنے کے واقعات رپورٹ ہو چکے ہیں لیکن آنکھ کے خانے میں دانتوں کی موجودگی کا یہ پہلا معلوم کیس بتایا جا رہا ہے۔

بھارتی ڈاکٹروں کے مطابق لڑکے کی سابقہ طبی تاریخ میں چہرے پر چوٹ لگنے یا کسی جینیاتی بیماری کا کوئی ثبوت نہیں ملا۔ سی ٹی اسکین میں کھوپڑی کے کسی دوسرے حصے میں اضافی دانتوں کی موجودگی بھی سامنے نہیں آئی۔ ماہرین تاحال اس غیر معمولی کیفیت کی اصل وجہ جاننے کی کوشش کر رہے ہیں۔

ڈاکٹروں نے آپریشن کے ذریعے دونوں دانت کامیابی سے نکال دیے، جس کے بعد سوجن ختم ہوگئی اور مستقبل میں ممکنہ پیچیدگیوں کا خطرہ بھی کم ہوگیا۔

اس نایاب طبی کیس کی تفصیلات امریکن اکیڈمی آف اوپتھلمولوجی کے طبی جریدے میں بھی شائع کی گئی ہیں۔