ٹرمپ کو قتل کی دھمکیاں دینے والا امریکی شہری گرفتار، مقدمہ درج

صدر کو جان سے مارنے کی دھمکی کے الزام میں اسے زیادہ سے زیادہ پانچ سال قید کی سزا ہو سکتی ہے


ویب ڈیسک October 20, 2026

امریکی ریاست کنساس میں 24 سالہ شخص جیڈن جے ریڈ کے خلاف صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو مبینہ طور پر قتل کی دھمکیاں دینے کے الزام میں وفاقی مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

جیڈن کو ٹرمپ کے کنساس کے دورے سے قبل گرفتار کیا گیا۔

امریکی محکمہ انصاف کے مطابق جیڈن نے سوشل میڈیا پر ٹرمپ کو گولی مارنے کی بات کی اور ایک پوسٹ میں دعویٰ کیا کہ اس نے ٹرمپ کی تقریر کی جگہ کے آس پاس کی عمارتوں کی چھتوں کا نقشہ بھی تیار کر رکھا ہے۔

یہ تبصرے ٹرمپ کے 19 اکتوبر کو وکیٹا کے دورے سے متعلق مقامی میڈیا کی پوسٹس کے جواب میں کیے گئے تھے۔

حکام کو واقعے کی اطلاع کرائم اسٹاپرز کے ذریعے 15 اکتوبر کو ملی، جس کے بعد امریکی سیکرٹ سروس، ایف بی آئی/وفاقی حکام، کنساس بیورو آف انویسٹی گیشن، ہائی وے پٹرول اور وکیٹا پولیس نے تحقیقات شروع کیں۔

جیڈن کو کلیئر واٹر سے گرفتار کرکے وفاقی تحویل میں دے دیا گیا۔

کنساس کے وفاقی پراسیکیوٹر ریان کریگ ہاؤزر نے کہا کہ سیاسی تشدد اور اس کی دھمکیوں کو برداشت نہیں کیا جائے گا، آئین سیاسی اختلافِ رائے کی اجازت دیتا ہے لیکن اس کی بھی قانونی حدود ہیں۔

جیڈن کو حراست میں رکھنے کا فیصلہ ڈیٹینشن ہیئرنگ تک برقرار رہے گا۔ وفاقی قانون کے تحت صدر کو جان سے مارنے یا جسمانی نقصان پہنچانے کی دھمکی کے الزام میں اسے زیادہ سے زیادہ پانچ سال قید کی سزا ہو سکتی ہے۔