فیلڈ مارشل عاصم منیر کا دورہ تہران، ایرانی وزارت خارجہ کا اہم بیان سامنے آگیا

یہ دورہ ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب ایران اور امریکا کے درمیان سفارتی کوششیں تعطل کا شکار ہیں


ویب ڈیسک October 20, 2026

پاکستان کے چیف آف ڈیفنس فورسز اور چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل عاصم منیر تہران دورے پر پہنچے ہیں۔

ایرانی حکام کے مطابق ان کے دورے کا تعلق ایران اور امریکا کے درمیان مذاکرات سے بھی ہے تاہم اس کا بنیادی مقصد پاکستان اور ایران کے دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانا اور تعاون میں اضافہ کرنا ہے۔

ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق بتایا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کے ساتھ ہونے والی بات چیت میں مذاکرات سے متعلق امور زیرِ بحث آئیں گے، لیکن توجہ زیادہ تر دوطرفہ تعلقات، روابط اور تعاون کو فروغ دینے پر مرکوز رہے گی۔

یہ دورہ ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب ایران اور امریکا کے درمیان سفارتی کوششیں تعطل کا شکار ہیں۔ دونوں ممالک کے درمیان اختلافات میں آبنائے ہرمز کا مستقبل بھی شامل ہے، جو عالمی تجارت اور تیل کی ترسیل کے لیے ایک اہم سمندری راستہ ہے۔

پاکستان ایران اور امریکا کے درمیان سفارتی رابطوں کے حوالے سے اہم کردار ادا کر سکتا ہے، تاہم ایرانی ترجمان کے بیان میں اس دورے کو بنیادی طور پر پاکستان اور ایران کے باہمی تعلقات سے جوڑا گیا ہے۔

دورے کے دوران ہونے والی ملاقاتوں اور زیرِ بحث امور کی مزید تفصیلات سامنے آنے پر مذاکراتی کوششوں میں پیش رفت کی صورت حال واضح ہو سکے گی۔