کم جونگ اُن کی برین ہیمبرج سے موت؟ حقیقت یا افواہ

برین ہیمبرج ہونے پر کم جونگ اُن کو چین منتقل کیا گیا تھا جہاں وہ دوران علاج دم توڑ گئے، چینی ناقد


ویب ڈیسک October 20, 2026
شمالی کوریا کے حکمراں کم جونگ اُن برین ہیمبرج سے چین میں موت واقع ہوگئی، افواہ یا حقیقت؟ (فوٹو: فائل)

شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اُن کی دماغی شریان پھٹنے سے موت یا کوما میں جانے کی غیر مصدقہ اطلاعات کے بعد سرکاری میڈیا نے ان کی نئی تصاویر جاری کردی ہیں جن میں وہ ایک نمائش کا دورہ کرتے دکھائی دیتے ہیں۔

شمالی کوریا کے سرکاری اخبار رودونگ سنمن میں شائع ہونے والی تصاویر میں کم جونگ اُن کو ملبوسات اور جوتوں کی ایک نمائش کا معائنہ کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔

شائع تصاویر میں سے ایک میں وہ گلابی رنگ کا چھوٹا جوتا دیکھ رہے ہیں جبکہ دوسری تصویر میں ایک عہدیدار سے گفتگو کرتے بھی دکھائی دیتے ہیں۔

ان دونوں تصاویر میں شمالی کوریا کے حکمراں کم جونگ اُن کو صحت مند اور چاک و چوبند دیکھا جاسکتا ہے جس سے ان کی صحت کے بارے میں منفی افواہوں نے دم توڑ دیا۔

یاد رہے کہ امریکا میں مقیم چینی حکومت کے ناقد وانجن ژی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر دعویٰ کیا تھا کہ کم جونگ اُن انتقال کرچکے ہیں۔

انھوں نے یہ دعویٰ بھی کیا تھا کہ شمالی کوریا میں اقتدار کی ممکنہ منتقلی کے خدشات کے باعث چین نے پیانگ یانگ میں 9 ہزار فوجی بھیجے ہیں۔

چینی حکومت کے ناقد وانجن ژی نے کہا تھا کہ شمالی کوریا کے حکمراں کم جونگ اُن دماغ کی شریان پھٹنے کے بعد کوما میں چلے گئے ہیں اور انھیں بیجنگ منتقل کیا گیا ہے۔

انھوں نے مزید کہا تھا کہ بیجنگ میں ماہر چینی ڈاکٹرز کی تمام کوششیں ناکام رہیں اور کم جونگ اُن دم توڑ گئے۔ ان کی میت خفیہ طور پر شمالی کوریا واپس لائی گئی۔

تاہم چینی حکومت کے ناقد وانجن ژی اپنے ان دعوؤں کے حق میں کوئی قابلِ تصدیق ثبوت پیش نہیں کرسکے۔

دوسری جانب سرکاری میڈیا کی جانب سے جاری تصاویر کے بارے میں بھی یہ تصدیق نہیں کی گئی یہ تصاویر کن تاریخ کی ہیں اس لیے یہ تصاویر کم جونگ ان کی موت کی تردید کا قطعی ثبوت نہیں۔

واضح رہے کہ 2020 میں بھی کم جونگ اُن کی صحت سے متعلق قیاس آرائیاں سامنے آئی تھیں مگر بعد میں وہ عوامی سطح پر دکھائی دیے تھے تاہم وہ کافی کمزور ہوگئے تھے۔