این سی سی آئی اے نے لاہور میں بڑی کارروائی کرتے ہوئے 35 ارب روپے مالیت کے جعلی امریکی ٹکٹ آن لائن فروخت کرنے والے ملزم کو گرفتار کرلیا ملزم پر اس کی عدم موجودگی میں کچھ دن قبل فلوریڈا کی عدالت نے فرد جرم عائد کی تھی۔
ترجمان نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) کے مطابق جعلی امریکی ڈاک ٹکٹ فروخت کرنے والا مرکزی ملزم فہیم اکرم 2023 سے جعلی ویب سائٹ کے ذریعے ٹکٹ فروخت کر رہا تھا اور اب تک 50 لاکھ سے زائد جعلی ڈاک ٹکٹ فروخت کرنے کا انکشاف ہوا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ فراڈ کے لیے خاندان کے 16 بینک اکاؤنٹس استعمال کیے گئے، ملزم کی گرفتاری کے لیے 10 روز تک خصوصی لوکیٹر آپریشن جاری رہا، 47 افراد سے پوچھ گچھ کی گئی اور 122 کال ریکارڈز کا تجزیہ کیا گیا۔
ترجمان این سی سی آئی اے نے بتایا کہ ایڈیشنل ڈائریکٹر عاطف امیر کی نگرانی میں 8 خصوصی ٹیموں نے کارروائی کی، پنجاب، اسلام آباد اور سندھ میں 35 مقامات پر چھاپے مارے، اس حوالے سے مقدمہ درج کرکے مزید تحقیقات جاری ہیں۔
ڈائریکٹر جنرل این سی سی آئی اے سید علی ناصر رضوی نے کہا کہ سائبر جرائم اور ڈیجیٹل فراڈ میں ملوث عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل جاری ہے، عوام ایسے فراڈ کی اطلاع ہیلپ لائن 1799 پر دیں۔
قبل ازیں رواں ماہ کے شروع میں امریکی ریاست فلوریڈا کی فیڈرل عدالت میں خانیوال کے 33 سالہ فہیم اکرم پرامریکی ادارے کے ساتھ 126ملین ڈالر کا فراڈ کرنے کے الزام میں فرد جرم عائد کی تھی۔
امریکی محکمہ انصاف نے بتایا تھا کہ فہیم اکرم نے LabelsBank.com نامی ویب سائٹ بنا رکھی تھی جو جعلی امریکی پوسٹل ٹکٹ فروخت کرتی تھی، ملزم ہر پارسل کا ٹکٹ صرف 2 ڈالر میں فروخت کرتا تھا چاہے پارسل کا وزن اور سائزکچھ بھی ہو۔
مزید بتایا گیا تھا کہ ویب سائٹ سے 5,200 سے زائد صارفین نے 51 لاکھ سے زائد جعلی ٹکٹ خریدے گئے اور اس فراڈ سے امریکی محکمہ ڈاک کو 12کروڑ60 لاکھ ڈالر(38 ارب پاکستانی روپے) سے زائد کا نقصان ہوا۔