یو اے ای: یکم نومبر سے اہم دوا پر پابندی کا فیصلہ

یہ فیصلہ اینٹی بائیوٹکس کے خلاف جراثیم میں بڑھتی مزاحمت کے خطرے پر قابو پانے اور افادیت برقرار رکھنے کے لیے کیا گیا


ویب ڈیسک October 21, 2026

متحدہ عرب امارات نے اینٹی بائیوٹکس کے خلاف جراثیم میں مزاحمت کے بڑھتے ہوئے خطرے پر قابو پانے اور انسانی علاج میں استعمال ہونے والی ادویات کی افادیت برقرار رکھنے کے لیے یکم نومبر 2026 سے جانوروں کے علاج میں سیپروفلوکساسین (Ciprofloxacin) کے استعمال پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

امارات ڈرگ اسٹیبلشمنٹ (ای ڈی ای) کے مطابق یہ فیصلہ فلوروکوئنولونز (Fluoroquinolones) نامی اینٹی بائیوٹکس کے گروپ کی انسانی طب میں غیر معمولی اہمیت کے پیش نظر کیا گیا ہے۔ یہ ادویات بعض بیکٹیریا سے ہونے والے انفیکشن کے علاج میں استعمال ہوتی ہیں۔

اتھارٹی کا کہنا ہے کہ جانوروں میں ان ادویات کا غیر مناسب استعمال بیکٹیریا میں اینٹی بائیوٹکس کے خلاف مزاحمت پیدا کر سکتا ہے، جس کے نتیجے میں مختلف انفیکشنز کے علاج کے لیے دستیاب ادویات کی افادیت متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ اس صورتحال کو صحتِ عامہ کے لیے ایک اہم چیلنج قرار دیا گیا ہے۔

پابندی کا اطلاق کن مصنوعات پر ہوگا؟

امارات ڈرگ اسٹیبلشمنٹ کے فیصلے کے تحت سیپروفلوکساسین پر مشتمل ویٹرنری ادویات اور ان کی تیاری میں استعمال ہونے والے خام مال پر پابندی عائد ہوگی۔ اس فیصلے سے مجموعی طور پر نو ویٹرنری مصنوعات متاثر ہوں گی، جن میں آٹھ درآمد شدہ اور ایک مقامی طور پر رجسٹرڈ مصنوعات شامل ہیں۔

اتھارٹی کے مطابق پابندی کے نفاذ سے قبل متعلقہ ادویات اور خام مال کی نشاندہی کے لیے ضروری ضابطہ جاتی اقدامات بھی مکمل کیے جا رہے ہیں۔

امارات ڈرگ اسٹیبلشمنٹ کا یہ اقدام اینٹی مائیکروبیل مزاحمت کی روک تھام اور انسانی و حیوانی صحت کے تحفظ کے لیے ادویات کے محتاط استعمال کو یقینی بنانے کی کوششوں کا حصہ ہے۔