یمن میں حوثیوں کا حکومتی فورسز کے ٹریننگ کیمپ پر میزائل حملہ، ہلاکتیں 73 ہوگئیں

تاحال 14 افراد لاپتا ہیں جبکہ حملے میں 200 سے زائد اہلکار زخمی بھی ہوئے تھے


ویب ڈیسک October 20, 2026
یمن میں 48 گھنٹوں میں حوثیوں اور حکومتی فورسز کے درمیان جھڑپ میں 100 ہلاکتیں (اے آئی سے بنوائی گئی تصویر)

یمن کے صوبے شبوا میں حکومتی فورسز کے تربیتی کیمپ پر حوثیوں کے میزائل حملے میں ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 73 ہوگئی اور 14 افراد تاحال لاپتا ہیں جبکہ حملے میں 200 سے زائد افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔

عالمی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق یہ حملہ پیر کو شبوا کے علاقے میں واقع العلم تربیتی کیمپ پر کیا گیا تھا جہاں ملک کی داخلی سلامتی کے لیے بھرتی کیے گئے نئے اہلکار تربیت حاصل کررہے تھے۔

ابتدائی طور پر اس حملے میں ہلاکت کی تعداد 30 سے زائد اور بعد میں 50 بتائی گئی تھی تاہم آج صوبائی حکام نے بتایا کہ چند زخمیوں کے انتقال کرجانے کے باعث ہلاکتوں کی تعداد 73 ہوگئی جبکہ 14 لاپتا افراد کی تلاش جاری ہے۔

یمنی فوج کے ترجمان ماجد النزیلی نے بھی گزشتہ روز تصدیق کی تھی کہ حوثیوں نے تربیتی کیمپ پر 3 بیلسٹک میزائل داغے۔

ادھر حوثی فوجی ترجمان یحییٰ سریع نے حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ کیمپ میں سعودی فورسز موجود تھیں۔

تاحال سعودی حکام کی جانب سے ترجمانِ حوثی کے اس دعوے پر فوری ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔

واضح رہے کہ شبوا تیل اور گیس کے ذخائر کے باعث اہم صوبہ ہے جبکہ یمن میں جاری تنازع نے پہلے ہی ملک کو شدید انسانی بحران سے دوچار کر رکھا ہے۔