اوور 50 کرکٹ ورلڈ کپ، عالمی چیمپئن پاکستان نے بھارت میں کھیلنے سے انکار کر دیا

بھارت میں شیڈول ٹورنامنٹ میں شرکت کے لیے حکومتی اجازت نہیں مل سکی


ویب ڈیسک October 21, 2026

بھارت میں ہونے والے اوور 50 کرکٹ ورلڈ کپ 2027 میں پاکستان کی شرکت کھٹائی میں پڑ گئی حکومت کی جانب سے اجازت نہ ملنے کے باعث گرین شرٹس اپنے عالمی اعزاز کا دفاع نہیں کر سکیں گے۔

پاکستان ویٹرنز کرکٹ ایسوسی ایشن کے چیئرمین فواد اعجاز خان کے مطابق قومی ٹیم کو آئندہ سال بھارت میں شیڈول ٹورنامنٹ میں شرکت کے لیے حکومتی اجازت نہیں مل سکی، جس کے بعد ایونٹ میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ بھارتی ویٹرنز کرکٹ حکام نے پاکستانی ٹیم کو ویزوں کی فراہمی اور اعلیٰ سطح کی سیکیورٹی کی یقین دہانی کرائی تھی۔

اس کے باوجود پاکستان ویٹرنز کرکٹ ایسوسی ایشن نے شرکت کے معاملے پر وزارت خارجہ اور وزارت داخلہ سے باضابطہ اجازت طلب کی تھی۔

فواد اعجاز خان کے مطابق چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ٹیم کو آگاہ کیا کہ اسے بھارت جانے کی اجازت نہیں دی جا رہی۔ ایسوسی ایشن نے حکومتی فیصلے کو تسلیم کرتے ہوئے ورلڈ کپ سے دستبردار ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔

اوور 50 کرکٹ ورلڈ کپ 2027 کا انعقاد 23 جنوری سے 7 فروری تک حیدرآباد دکن میں ہونا ہے۔ پاکستان نے 2025 میں سری لنکا میں منعقدہ گزشتہ ایڈیشن میں ٹائٹل اپنے نام کیا تھا اور اسے دفاعی چیمپئن کی حیثیت سے میدان میں اترنا تھا۔

چیئرمین ویٹرنز کرکٹ ایسوسی ایشن نے عالمی اعزاز کا دفاع نہ کر پانے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ٹورنامنٹ کے منتظمین اور شریک ٹیموں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔