کراچی:
محممود آباد ٹی پی ٹو کے قریب مبینہ پولیس مقابلے کے دوران زخمی حالت میں گرفتار ملزم کےالیکٹرک کمپنی کے میٹر ریڈر پر حملے میں ملوث نکلا ہے۔
ایس ایس پی ایسٹ زبیر نذیر شیخ کے مطابق مقابلے میں زخمی حالت میں گرفتار کیا جانے والے ملزم ربی رفائیل نے دورانِ ڈیوٹی میٹر ریڈر محمد شہباز کو فائرنگ کرکے زخمی کیا تھا، گرفتار ملزم کے قبضے سے غیر قانونی اسلحہ اور ایمونیشن برآمد کر لیا گیا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ گرفتار ملزم ربی رفائیل کا سابقہ کرمنل ریکارڈ بھی سامنے آگیا، گرفتار ملزم متعدد مقدمات میں گرفتار ہو کر جیل جا چکا ہے۔
ایس ایس پی ایسٹ کے مطابق گرفتار ملزم کے خلاف ماضی میں چوری، ڈکیتی اور غیر قانونی اسلحے کے مقدمات درج ہیں۔
ایس ایس پی ایسٹ کے مطابق زخمی حالت میں گرفتار ملزم کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا، گرفتار ملزم کے ساتھی کی گرفتاری کے لیے پولیس کی کارروائیاں جاری ہیں جبکہ واقعے کی مزید تفتیش بھی کی جا رہی ہے۔