آسٹریلیا؛ کار حملے میں زخمی خاتون رکن اسمبلی کی دوسری ٹانگ بھی کاٹنی پڑی

پیر کے روز 43 سالہ برینڈن نیوجنٹ نے مبینہ طور پر قتل کی نیت سے اپنی گاڑی رکن اسمبلی ہیلن ہینز پر چڑھا دی تھی


ویب ڈیسک October 21, 2026
پیر کے روز 43 سالہ برینڈن نیوجنٹ نے مبینہ طور پر قتل کی نیت سے اپنی گاڑی رکن اسمبلی ہیلن ہینز پر چڑھا دی تھی

آسٹریلوی خاتون رکن پارلیمنٹ ہیلن ہینز گاڑی سے مبینہ طور پر دانستہ ٹکر مارے جانے کے واقعے میں دونوں ٹانگوں سے محروم ہوگئیں۔

برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق خاتون رکن اسمبلی کے شوہر فل ہینز نے تصدیق کی کہ اس خوفناک واقعے میں ان کی اہلیہ کو شدید چوٹیں آئیں تاہم ان کی ذہنی حالت اور دل کی صحت تسلی بخش ہے۔

یہ واقعہ پیر کو آسٹریلیا کی ریاست وکٹوریہ کے قصبے وانگارٹا میں پیش آیا تھا جہاں 43 سالہ برینڈن نیوجنٹ نے مبینہ طور پر قتل کی نیت سے اپنی گاڑی ہیلن ہینز پر چڑھا دی تھی۔

واقوے کے وقت وہ اپنے انتخابی حلقے کے دفتر کے باہر موجود تھیں۔ ہیلن ہینز کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کی سرجری کی گئی اور ان کی ایک ٹانگ کاٹی گئی تھی۔

ملزم کو واقعے کے فوراً بعد گرفتار کرلیا گیا۔ وہ بدھ کو پہلی مرتبہ عدالت میں پیش ہوا، جہاں اس پر خطرناک ڈرائیونگ کے ذریعے شدید زخمی کرنے، جان بوجھ کر شدید نقصان پہنچانے اور دولتِ مشترکہ کے ایک عہدیدار کو زخمی کرنے سمیت تین الزامات عائد کیے گئے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ اس کے خلاف اقدامِ قتل سمیت مزید الزامات بھی عائد کیے جاسکتے ہیں۔

ملزم کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ان کے موکل کو ذہنی صحت سے متعلق مسائل درپیش ہیں تاہم مزید تفصیلات نہیں بتائیں۔ عدالت میں یہ بھی بتایا گیا کہ اسے ریڑھ کی ہڈی میں سوزش کی ایک نایاب بیماری لاحق ہے۔

ادھر پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کے پیچھے محرکات تاحال معلوم نہیں ہوسکے اور تحقیقات جاری ہیں۔ اس بات کا بھی جائزہ لے رہے ہیں کہ آیا منشیات یا ادویات کے استعمال کا واقعے سے کوئی تعلق تھا۔

واضح رہے کہ ہیلن ہینز 2019 میں پہلی مرتبہ پارلیمنٹ کی رکن منتخب ہوئی تھیں۔ واقعے پر آسٹریلیا کے وزیراعظم انتھونی البانیز سمیت مختلف سیاسی رہنماؤں نے افسوس کا اظہار کیا ہے۔