عمرہ، حج، ورک ویزے پر سعودی عرب جانے والوں کیلئے ویکسینیشن کی شرط پر عملدرآمد، ایک ماہ کی توسیع

سرکلر کے مطابق سعودی عرب جانے والے مسافروں کے لیے گردن توڑ بخار، انفلوئنزا اور پولیو کی ویکسینیشن لازمی قرار دی گئی ہے


آفتاب خان October 21, 2026
فوٹو: اے آئی

عمرہ، حج اور ورک ویزے پر سعودی عرب جانے والے مسافروں کے لیے لازمی ویکسینیشن کی شرط پر عمل درآمد کی تاریخ میں ایک ماہ کی توسیع کردی گئی ہے۔

سعودی عرب جانے والوں کے لیے ویکسینیشن کی شرط پر عمل درآمد کے حوالے سے سرکلر جاری کردیا گیا ہے اور نئی ہدایات کے تحت کراچی ائیرپورٹ پر متعلقہ مسافروں کے لیے لازمی ویکسینیشن اور اس کی تصدیق پر عمل درآمد 20 نومبر 2026 کو صبح 10 بجے سے شروع ہوگی۔

سرکلر کے مطابق سعودی عرب جانے والے متعلقہ مسافروں کے لیے گردن توڑ بخار (میننجائٹس)، انفلوئنزا اور پولیو کی ویکسینیشن لازمی قرار دی گئی ہے، مسافروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ سفر سے کم از کم 10 روز قبل مطلوبہ ویکسینیشن مکمل کرائیں اور مقررہ ضوابط کے مطابق ویکسینیشن کارڈ اپنے ہمراہ رکھیں۔

واضح رہے کہ اس سے قبل لازمی ویکسینیشن اور ویکسینیشن کارڈ کے بغیر سفر پر پابندی کے لیے 15 اکتوبر کی تاریخ مقرر کی گئی تھی، تاہم اب اس مدت میں ایک ماہ کی توسیع کردی گئی ہے۔

کراچی ائیرپورٹ پر مسافروں کی سہولت کے لیے سرکاری ڈسپنسری میں 24 گھنٹے ویکسینیشن کی سہولت فراہم کی جارہی تھی جہاں مسافر اپنی پرواز سے قبل مطلوبہ ویکسین لگوا سکتے ہیں، دور دراز علاقوں سے آنے والے زائرین اور دیگر متعلقہ مسافروں کی سہولت کے لیے ہنگامی بنیادوں پر کراچی ایئرپورٹ کے ڈپارچر لاؤنج میں بھی ویکسینیشن کی سہولت فراہم کی گئی تھی۔

حکام کے مطابق نئی تاریخ کے تحت لازمی ویکسینیشن کی شرط پر عمل درآمد شروع ہونے سے قبل مسافروں کو مطلوبہ ویکسینیشن مکمل کرانے اور سفری دستاویزات کی تصدیق یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ ایئرپورٹ پر کسی قسم کی پریشانی یا تاخیر سے بچا جاسکے۔