امن مذاکرات خطرے میں پڑ گئے، کیف پر روسی میزائل حملہ، 6 افراد زخمی

حملے میں کئی رہائشی مکانات کو نقصان پہنچا اور 6 افراد زخمی ہوئے


ویب ڈیسک October 22, 2026
فوٹو: رائٹرز

یوکرین میں جنگ بندی کی امیدیں ایک بار پھر حملوں کی زد میں آگئیں، روس کی جانب سے امریکا کے ساتھ امن مذاکرات دوبارہ شروع کرنے پر اصولی آمادگی ظاہر کیے جانے کے چند گھنٹوں بعد یوکرین کے دارالحکومت کیف پر میزائل حملہ کردیا گیا، جس میں 6 افراد زخمی ہوگئے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق کیف کے میئر وٹالی کلیچکو نے بتایا کہ بدھ کی شب ہونے والے حملے میں کئی رہائشی مکانات کو نقصان پہنچا اور 6 افراد زخمی ہوئے۔

یہ حملہ ایسے وقت میں ہوا جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے نمائندے اسٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر روس اور یوکرین کے درمیان جنگ ختم کرانے کے لیے سفارتی کوششیں تیز کیے ہوئے ہیں۔

وٹکوف نے گزشتہ روز روسی صدر ولادیمیر پیوٹن سے سینٹ پیٹرزبرگ میں ملاقات کی جبکہ اس سے ایک روز قبل ان کی یوکرینی قیادت سے بھی ملاقات ہوئی تھی۔

روس، یوکرین اور امریکا کے درمیان سہ فریقی مذاکرات فروری میں معطل ہوگئے تھے۔ اس کے بعد روس نے حملوں میں شدت پیدا کردی، جبکہ یوکرین کو مغربی ممالک کی جانب سے فراہم کیے جانے والے میزائل روکنے والے دفاعی ہتھیاروں کی قلت کا سامنا رہا۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بدھ کو کہا کہ وہ پیوٹن سے جنگ کے خاتمے کے لیے بات کررہے ہیں اور ان کے خیال میں فریقین اب امن معاہدے کے پہلے سے کہیں زیادہ قریب ہیں۔

تاہم، امن مذاکرات کی بحالی کے اشاروں کے باوجود کیف پر تازہ حملہ اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ جنگ ختم کرانے کی سفارتی کوششوں کو اب بھی سنگین چیلنجز درپیش ہیں۔

ٹرمپ متعدد بار جنگ ختم کرانے کی امید ظاہر کرچکے ہیں، لیکن اب تک روس اور یوکرین کے درمیان لڑائی رکوانے میں کامیاب نہیں ہوسکے۔