کراچی:
جماعت اسلامی اور اسلامی جمعیت طلبہ جامعہ کراچی کے کوششوں کی بدولت 8 پوائنٹس بسیں بحال ہوگئیں۔
پوائنٹس بسوں کی بحالی کے سلسلے میں طلبہ تنظیم کے زیر اہتمام افتتاحی تقریب منعقد کی گئی۔ افتتاحی تقریب کے مہمانِ خصوصی امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن موجود تھے جبکہ امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے بھی پوائنٹس بسوں کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی۔
جامعہ کراچی میں بحال کی جانے والی پوائنٹس بسوں کا افتتاح ہوگیا۔
ترجمان اسلامی جمعیت طلبہ کے مطابق مختلف ٹاؤنز کے تعاون سے طلبہ کے لیے پوائنٹس بسیں بحال کروائی ہیں، پوائنٹس بسوں کی بحالی سے جامعہ کراچی کے طلبہ کو آمدورفت میں درپیش مشکلات کم کرنے میں مدد ملے گی، جامعہ کراچی کے طلبہ کو سفری سہولیات فراہم کی جا رہی ہے۔
تقریب سے وائس چانسلر وسیم قاضی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جامعہ کراچی میں انکیوبیشن سینٹر بھی قائم کرنے جا رہے ہیں، ٹیکنالوجی کے فروغ کے لیے جامعات میں ایمرجنسی بنیادوں پر اقدامات کی ضرورت ہے، جامعہ کراچی میں طلبہ کے لیے لرننگ مینجمنٹ سسٹم تیار کیا جا رہا ہے۔
وائس چانسلر نے بتایا کہ آئندہ تین سے چار ماہ میں کلاس رومز کا تعلیمی مواد طلبہ کو موبائل فون پر دستیاب کرنے کی کوشش ہے، طلبہ موبائل فون کے ذریعے لیکچرز دوبارہ دیکھ کر اپنے تعلیمی تصورات کو بہتر بنا سکیں گے۔
امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمٰن نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ماضی میں طلبہ یونین کے ذریعے طلبہ و طالبات ٹرانسپورٹ کا نظام چلاتے تھے، اسلامی جمعیت طلبہ کی یونین منتخب ہونے کے بعد ٹرانسپورٹ کا بہترین نظام چلایا کرتی تھی، طلبہ یونین کی بحالی کے لیے جدوجہد کریں گے، یہ طلبہ کا حق ہے۔
حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ جامعہ کراچی آنے والے طلبہ و طالبات کی اکثریت ٹرانسپورٹ کی سہولت نہ ہونے کے باعث موٹر سائیکل استعمال کرتی ہے، طلبہ کو پبلک ٹرانسپورٹ کی مناسب سہولت میسر نہیں۔
امیر جماعت اسلامی پاکستان نے کہا کہ عوام ایک لیٹر پیٹرول پر تقریباً 135 سے 140 روپے تک ٹیکس ادا کرتے ہیں، پیٹرول پر عائد 80 روپے فی لیٹر لیوی کا پیٹرول کی قیمت سے کوئی تعلق نہیں۔ پیٹرول پر 80 روپے لیوی، 5 روپے کلائمیٹ سپورٹ لیوی اور 21 روپے کسٹمز ڈیوٹی سمیت مختلف ٹیکس عائد ہیں۔