فرانسیسی صدر ایمانوئيل میکرون نے فرانس کے احتجاج سے متعلق ٹرمپ کے ریمارکس کو ’’احمقانہ اور ناقابلِ قبول‘‘ قرار دے دیا ہے.
میڈیا رپورٹس کے مطابق میکرون نے فرانس میں حالیہ احتجاج اور بدامنی سے متعلق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے تبصروں کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہیں ’’احمقانہ اور ناقابلِ قبول‘‘ قرار دیا ہے۔
میکرون نے قطر کے دورے کے دوران صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بعض غیرملکی رہنما فرانس میں پیدا ہونے والی صورتحال کو اپنے سیاسی مقاصد اور انتخابی مہم کے لیے استعمال کر رہے ہیں۔
انہوں نے براہِ راست ٹرمپ کا نام نہیں لیا، تاہم جب صحافی نے پوچھا کہ کیا ان کا اشارہ ٹرمپ کی جانب ہے تو میکرون نے جواب دیا کہ دوسروں کے علاوہ، ہاں۔
ٹرمپ سمیت کچھ عالمی رہنماؤں نے فرانس میں ہونے والے ہنگاموں کو امیگریشن سے جوڑتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ ملک میں تارکینِ وطن کی وجہ سے صورتحال خراب ہوئی ہے اور میکرون کو سرحدیں بند کرنے کا مشورہ دیا تھا۔
میکرون نے ان دعوؤں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ فرانس پر تارکینِ وطن اور اسلام پسندوں کے ’’جتھوں‘‘ کے قبضے کی بات بالکل غلط ہے۔
فرانسیسی صدر نے مزید کہا کہ احتجاج کے بعد مصنوعی ذہانت سے تیار کردہ جعلی تصاویر اور غلط معلومات بھی سوشل میڈیا پر پھیلائی گئیں، جن میں ایسے مناظر دکھائے گئے جو حقیقت میں فرانس میں پیش ہی نہیں آئے۔
ان کے مطابق اس طرح کی معلومات نے غیرملکی رہنماؤں کے غلط تبصروں کو تقویت دی۔ میکرون نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ فرانس میں آئندہ ہونے والے مظاہروں کے دوران تشدد اور لوٹ مار کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ حکومت نے مزید بدامنی روکنے کے لیے بعض علاقوں میں کرفیو اور اجتماعات پر پابندی سمیت اقدامات کیے ہیں، جبکہ میکرون نے فی الحال ملک میں ہنگامی حالت نافذ کرنے کو ضروری قرار نہیں دیا۔