دسہرہ کے پیغام میں زبان پھسلنے پر رنبیر کپور نے معافی مانگ لی

تقریب کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد صارفین نے رنبیر کے بیان پر تنقید شروع کردی تھی


ویب ڈیسک October 22, 2026

بالی ووڈ اداکار رنبیر کپور کو اپنی آنے والی فلم ’رامائن‘ کی تشہیر کے دوران دسہرہ کے موقع پر دیے گئے پیغام میں الفاظ کی الٹ پھیر کے باعث سوشل میڈیا پر تنقید کا سامنا کرنا پڑا، جس کے بعد انہوں نے اپنی غلطی تسلیم کرتے ہوئے معذرت کر لی۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق رنبیر کپور نے 20 اکتوبر کو کولکتہ میں فلم کی ٹیم کے ہمراہ دسہرہ کی تقریب میں شرکت کی۔ اس موقع پر انہوں نے برائی پر اچھائی کی فتح کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ برائی چاہے کتنی ہی طاقتور کیوں نہ ہو، بالآخر اچھائی اور ایمانداری ہی ختم ہو جاتی ہے۔

اداکار کا مقصد یہ کہنا تھا کہ آخرکار اچھائی برائی پر غالب آتی ہے، تاہم گفتگو کے دوران ان کی زبان پھسل گئی اور جملے کا مفہوم اس کے برعکس ہو گیا۔ تقریب کی ویڈیو سوشل میڈیا پر پھیلنے کے بعد صارفین نے ان کے بیان پر تنقید شروع کر دی۔

بعد ازاں چنئی میں فلم کے گیت کی تقریب کے دوران رنبیر کپور نے اس واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے معافی مانگی۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ گزشتہ روز دسہرہ کی تقریب میں پیش آنے والے واقعے پر معذرت کرنا چاہتے ہیں، کیونکہ بات کرتے ہوئے ان کی زبان پھسل گئی تھی۔ انہوں نے اپنی کیفیت بیان کرنے کے لیے اپنی فلم ’راک اسٹار‘ کے گیت کے بول بھی دہرائے۔

ہدایت کار نتیش تیواری کی فلم ’رامائن‘ میں رنبیر کپور بھگوان رام، سائی پلوی سیتا اور یش راون کے کردار میں نظر آئیں گے، جبکہ سنی دیول ہنومان کا کردار ادا کر رہے ہیں۔

فلم کے پہلے حصے کو 5 نومبر کو دیوالی کے موقع پر دنیا بھر میں ریلیز کرنے کا اعلان کیا گیا ہے، جبکہ اس کا دوسرا حصہ 2027 میں سینما گھروں کی زینت بنے گا۔