پاکستان کے محمد عاصم خان ، وینس اے بی سی اوپن انٹرنیشنل اسکواش چیمپئن شپ کے کوارٹر فائنل میں پہنچ گئے۔
کریک کلب پرجاری 82 ہزار ڈالرز کی انعامی رقم کی چیمپئین شپ کے دوسرے راؤنڈ میں مینز ایونٹ کے پری کوارٹر فائنل میں جمعرات کو واحد پاکستانی کھلاڑی عالمی نمبر 77 محمد عاصم خان نے ملائشیا کے محمد شفیق کمال کو 1-3 سے مات دے کر کامیابی اپنے نام کی۔
کوارٹر فائنل میں محمد عاصم خان کا مقابلہ مضبوط حریف سیڈ2 مصر کے کریم الحمامے سے ہوگا،مینز ایونٹ میں واحد اپ سیٹ مصر کے زید ابراہیم نے اپنے ہم وطن یاسین الشافل کو0-3 سے ہرا کر کیا،دیگر سیڈڈ کھلاڑی بآسانی اپنے حریفوں کو مات دینے میں کامیاب رہے۔
دوسری جانب ویمن ایونٹ میں دو اپ سیٹ ہوئے،سیڈ 6ملائشیا کی اینا امانی کو مصر کی حبیبہ رزق نے اور سیڈ7 جنوبی افریقہ کی ہیلی والڈو کو جرمنی کی ساسکیا نے مات دے کر ایونٹ سے باہر کر دیا، جمعہ کو کوارٹر فائنل کھیلے جائیں گے۔