اولمپین ارشد ندیم بیمار، نیشنل ایتھلیٹکس چیمپئن شپ سے دستبردار ہونے کا فیصلہ

اولمپین ارشد ندیم کو جمعہ کو صبح 11 بجے جیولن تھرو کے ایونٹ میں شرکت کرنا تھی


زبیر نذیر خان October 22, 2026

اولمپین ارشد ندیم بیمار ہوگئے، ذرائع کے مطابق پیرس اولمپکس کے ہیرو ارشد ندیم نے کراچی میں جاری  35 ویں نیشنل ایتھلیٹکس چیمپئن شپ سے دستبردار ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔

 قومی چیمپئن شپ کے ابتدائی روز جمعرات کو این ای ڈی یونیورسٹی میں منعقدہ افتتاحی تقریب میں اولمپک مشعل روشن کرنے والے اولمپن ارشد ندیم کے بارے میں بتایا جاتا ہے کہ وہ گیسٹرو کے مرض میں مبتلا ہوگئے ہیں۔

 قبل ازیں عدم فٹنس کے سبب عالمی چیمپئن شپ اور جاپان میں ہونے والے ایشین گیمز 2026 میں ناقص کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے ارشد ندیم کے حوالے سے خیال کیا جا رہا تھا کہ وہ صرف قومی ایتھلیٹکس چیمپئن شپ کی افتتاحی تقریب میں شریک ہوں گے۔

اب ارشد ندیم پیٹ میں تکلیف کی وجہ سے جیولن تھرو مقابلوں سے دستبردار ہو گئے ہیں، اولمپین ارشد ندیم کو جمعہ کو صبح 11 بجے جیولن تھرو کے ایونٹ میں شرکت کرنا تھی۔