راولپنڈی:
تھانہ دھمیال کے علاقے قریشی آباد میں دوہرے قتل کی واردات میں گھر سے ماں اور بیٹی کی لاشیں برآمد ہوئیں۔
پولیس کے مطابق مقتول خواتین کی شناخت نمیرا بی بی اور ان کی بیٹی نومی بی بی کے نام سے ہوئی ہے، ان کا تعلق گوجرانوالہ سے تھا، دونوں گزشتہ چند سال سے ایک تیسری لڑکی کے ساتھ دھمیال کے علاقے میں کرائے کے مکان میں رہائش پذیر تھیں۔
پولیس کے مطابق گھر میں رہائش پذیر تیسری لڑکی بازار سے کوئی چیز لینے گئی تھی۔ واپس آئی تو دونوں ماں بیٹی مردہ حالت میں پڑی تھیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ بظاہر دونوں خواتین کو گلا گھونٹ کر قتل کیا گیا جبکہ ایک خاتون کے جسم پر کسی آلے سے زخم کا نشان بھی پایا گیا ہے۔
دونوں خواتین کی لاشیں پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کردی گئی ہیں۔ پولیس کے مطابق پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد موت کی وجوہات اور واقعے سے متعلق مزید تفصیلات واضح ہوں گی۔