کراچی: ڈارک ویب کے شیطانی نیٹ ورک میں پھنسی 13 سالہ بچی بازیاب

بچی نے پہلا ٹاسک ملنے پر بلی کو زہر دیکر ماردیا، دوسرا ٹاسک خود کو شدید نقصان پہنچانے کا ملا تھا


ویب ڈیسک October 23, 2026

کراچی:

بین الاقوامی خفیہ ایجنسی کی اطلاع پر نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے کارروائی کرتے ہوئے مبینہ آن لائن نیٹ ورک میں پھنسنے والی 13 سالہ بچی کو بازیاب کرالیا۔

این سی سی آئی اے کے مطابق بچی کو مبینہ طور پر ڈارک ویب سے منسلک ایک گروہ کی جانب سے مختلف ٹاسک دیے جا رہے تھے۔

حکام کے مطابق پہلے ٹاسک میں بچی سے بلی کو زہر دے کر مارنے کو کہا گیا جبکہ دوسرے ٹاسک میں اسے خود کو شدید نقصان پہنچانے کی ہدایت کی گئی۔

تاہم بچی کی جانب سے دوسرا ٹاسک پورا کرنے سے پہلے ہی این سی سی آئی اے کی ٹیم اس تک پہنچ گئی۔ حکام کے مطابق بچی کے والدین اس کی آن لائن سرگرمیوں سے مکمل طور پر لاعلم تھے۔

این سی سی آئی اے کا کہنا ہے کہ بچی سے رابطے میں رہنے والے اکاؤنٹس اور اس نیٹ ورک کی جانب سے پاکستان میں دیگر بچوں کو نشانہ بنانے کے ممکنہ پہلوؤں پر بھی تحقیقات جاری ہیں۔