کینیڈا کے فوجی اڈے پر گرینیڈ مشق کے دوران آگ بھڑک اٹھی، 4 فوجی ہلاک اور 39 زخمی

اس واقعے کو کینیڈا کی فوج کے لیے امن کے دور کے سنگین ترین سانحات میں شمار کیا جا رہا ہے


ویب ڈیسک October 23, 2026

کینیڈا کے صوبے البرٹا میں فوجی اڈے پر ہونے والی شدید آتشزدگی کی وجہ گرینیڈ لانچر کے استعمال سے متعلق فوجی مشق بنی۔ تیز ہواؤں کے باعث آگ تیزی سے پھیل گئی، جس کے نتیجے میں چار فوجی ہلاک اور 39 زخمی ہوگئے، جبکہ درجنوں اہلکاروں کو طبی امداد فراہم کی گئی۔

الجزیرہ، اے ایف پی اور رائٹرز کے مطابق کینیڈین فورسز کے ملٹری پولیس گروپ کی سربراہ بریگیڈیئر جنرل وینیسا ہنراہن نے صحافیوں کو بتایا کہ ہفتے کے روز وین رائٹ فوجی اڈے پر گرینیڈ لانچر کی فائرنگ کی مشق کے دوران آگ بھڑکی۔ تیز ہواؤں نے شعلوں کو فوجی اڈے کے مختلف حصوں تک پھیلا دیا۔

ان کے مطابق ہوا کی سمت اور رفتار میں تبدیلی سے آگ کی شدت میں نمایاں اضافہ ہوا اور شعلے تربیتی علاقے تک پہنچ گئے۔ چونکہ آگ ایسے حصے میں پھیلی جو فائرنگ کی مشقوں کے باعث مستقل خطرناک علاقہ قرار دیا گیا تھا، اس لیے فائر فائٹرز براہِ راست وہاں پہنچ کر آگ بجھانے کی کارروائی نہیں کرسکے۔

رپورٹ کے مطابق تھرڈ بٹالین، پرنسس پیٹریشیا کی کینیڈین لائٹ انفنٹری کی چارلی کمپنی کے اہلکار شدید نوعیت کی جنگی تربیت میں مصروف تھے۔ تقریباً 84 فوجیوں کو دو گروپوں میں تقسیم کیا گیا تھا۔ ایک گروپ گرینیڈ فائرنگ کی رینج میں جبکہ دوسرا فرضی دشمن کے ٹھکانوں پر حملے کی مشق کر رہا تھا۔ آگ پھیلتے ہوئے دوسرے تربیتی علاقے تک بھی پہنچ گئی۔

واقعے میں چار فوجی جان سے گئے جبکہ 39 زخمی ہوئے۔ ان میں سے 27 کو اسپتال منتقل کرنا پڑا۔ اس واقعے کو کینیڈا کی فوج کے لیے امن کے دور کے سنگین ترین سانحات میں شمار کیا جا رہا ہے۔

حادثے میں متاثر ہونے والے فوجی اور ریزرو اہلکار لٹویا میں مجوزہ تعیناتی سے پہلے تربیتی مشقوں میں حصہ لے رہے تھے۔ کینیڈین فوج کا لٹویا میں نیٹو کے تحت ایک بڑا بین الاقوامی فوجی آپریشن جاری ہے۔

وین رائٹ فوجی اڈہ کینیڈین مسلح افواج کے بڑے تربیتی مراکز میں شامل ہے، جہاں نیٹو کے مختلف رکن ممالک کے فوجی بھی مشقیں کرتے ہیں۔