امارات نے ام القوین میں تیل کے اخراج کے بعد تمام ساحل عارضی طور پر بند کردیئے

خصوصی ٹیموں نے تیل کے پھیلاؤ کو روکنے، متاثرہ علاقوں کو گھیرے میں لینے اور صفائی کے اقدامات شروع کر دیے ہیں


ویب ڈیسک October 23, 2026

متحدہ عرب امارات کی ریاست ام القوین میں ایک آئل ٹینکر سے تیل سمندر میں رسنے کے باعث سمندری آلودگی پھیل گئی، جس کے بعد حکام نے تمام ساحل اور ساحلی تفریحی مقامات عارضی طور پر بند کر دیے ہیں۔

امارات کی وزارت برائے موسمیاتی تبدیلی و ماحولیات نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں بتایا کہ نگرانی کے نظام کے ذریعے سمندر میں تیل کے اخراج کا پتا چلا۔ اس واقعے کے بعد شارجہ، عجمان اور ام القوین کے رہائشیوں نے غیر معمولی بو محسوس ہونے کی شکایات بھی کیں۔

وزارت کے مطابق متعلقہ حکام نے واضح کیا ہے کہ محسوس ہونے والی بو سے رہائشیوں کی صحت کو کوئی خطرہ لاحق نہیں ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ خصوصی ٹیموں نے تیل کے پھیلاؤ کو روکنے، متاثرہ علاقوں کو گھیرے میں لینے اور صفائی کے اقدامات شروع کر دیے ہیں۔ ان کارروائیوں میں مقامی اور وفاقی ادارے بھی تعاون کر رہے ہیں۔

حکام کے مطابق ساحلوں کی بندش اس وقت تک برقرار رہے گی جب تک تکنیکی ٹیمیں متاثرہ علاقوں کا جائزہ مکمل کرکے عوامی تحفظ اور سمندری ماحول کی حفاظت کے لیے ضروری اقدامات کا تعین نہیں کر لیتیں۔

تاحال فراہم کردہ معلومات میں تیل کے اخراج کی مقدار، ٹینکر کی شناخت اور واقعے کی مکمل وجوہات کی تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔