ایران کے وزیر خارجہ کا امریکا پر طنز، اسرائیل سے تعلقات کو ’طفیلی‘ قرار دے دیا

امریکا نے تین برسوں کے دوران اسرائیل کے میزائل دفاعی نظام پر امریکی ٹیکس دہندگان کے 11 ارب ڈالر خرچ کیے، بیان


ویب ڈیسک October 23, 2026

ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے امریکا اور اسرائیل کے دفاعی تعلقات پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات باہمی فائدے کے بجائے ایک ’طفیلی‘ نوعیت اختیار کر چکے ہیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں عباس عراقچی نے دعویٰ کیا کہ امریکا نے گزشتہ تین برسوں کے دوران اسرائیل کے میزائل دفاعی نظام پر امریکی ٹیکس دہندگان کے 11 ارب ڈالر خرچ کیے ہیں۔

ایرانی وزیر خارجہ کے مطابق اسرائیل کے دفاع کے لیے امریکا نے اسرائیل کے مقابلے میں زیادہ میزائل روکنے والے انٹرسیپٹرز بھی استعمال کیے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ صورت حال امریکا اور اسرائیل کے تعلقات کو باہمی فائدے پر مبنی قرار دینے کے بجائے ایک ’’طفیلی تعلق‘‘ ظاہر کرتی ہے۔

عراقچی کا بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب مشرق وسطیٰ میں ایران، اسرائیل اور امریکا کے درمیان کشیدگی اور دفاعی اخراجات پر بحث جاری ہے۔