چھکے صرف مجھے نہیں پڑتے دنیا میں ہر بولر کو مار پڑتی ہے، حارث رؤف

حارث رؤف کا کہنا تھا کہ اب فٹنس بہتر ہے اور ٹیسٹ کرکٹ میں بھی پاکستان کی نمائندگی کا منتظر ہوں


محمد یوسف انجم October 23, 2026

فاسٹ  بولر حارث رؤف کہتے ہیں کہ چھکے صرف مجھے نہیں پڑتے بلکہ دنیا میں ہر بولر کو مار پڑتی ہے۔

لاہور میں ٹیم پریکٹس کے موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے حارث روف کا کہنا تھا کہ میرا کام وکٹیں لینا ہے اس لیے اسپیڈ بھی بہت اہمیت رکھتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ڈومیسٹک کرکٹ کھلینے سے فٹنس اور ردھم کو بہتر بنانے کا موقع ملا ہے۔ ٹیسٹ میچز کے لیے آپ کو زیادہ فٹنس کی ضرورت ہوتی ہے۔ میرے نزدیک ماضی میں فٹنس ایسی نہیں تھی کہ ٹیسٹ میچز میں بہتر پرفارم کر پاتا۔ اب ٹیسٹ کرکٹ میں بھی پاکستان کی نمائندگی کا منتظر ہوں۔

حارث روف کا کہنا تھا کہ سہ ملکی سیریز کا آغاز بہت اچھا رہا ہے۔ بطور ٹیم ہم نے بہت اچھا کھیلا ہے۔ لاہور کی پچ فریش لگ رہی ہے، یہاں بولرز کو سپورٹ مل سکتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ 25 اکتوبر کو بریسٹ کینسر سے آگاہی کے سلسلے میں میچ کھیلا جانا ہے، اس کو سپورٹ کرنا چاہیے۔

حارث رؤف نے کہا کہ آئی سی سی ایونٹس میں ہمیں اسکور زیادہ کرنا ہو گا اور اسکور کو روکنا بھی ہو گا۔ 34 اوورز کے بعد گیند کا تبدیل ہونا بولنگ سائیڈ پر فرق ڈالتا ہے، مڈل اوورز میں وکٹیں لینا ضروری ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ شاہین آفریدی کے ساتھ مل کر بولنگ کرانے میں مزہ آتا ہے۔ شان ٹیٹ ہمارے ساتھ پہلے بھی کام کر چکے ہیں، ان کی موجودگی فائدہ مند ہے۔