اردن؛ چرچ کے اندر فائرنگ سے 7 افراد ہلاک

حملہ آوروں میں سے ایک کے پاس اے کے-47 کلاشنکوف تھی، حملے میں 10 افراد زخمی ہوئے جن میں سے متعدد کی حالت تشویش ناک ہے


ویب ڈیسک October 23, 2026
فوٹو: رائٹرز

اردن کے صوبے کرک میں چرچ کے اندر نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے 7 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔

غیرملکی خبر رساں اداروں کے مطابق اردن کی پبلک سیکیورٹی ایجنسی نے بتایا کہ دارالحکومت عمان کے جنوب میں واقع صوبے کرک میں مسلح افراد نے حمود چرچ کے اندر فائرنگ کرکے 7 افراد کو ہلاک کردیا اور واقعے میں مزید 10 افراد زخمی ہوگئے ہیں، جن میں سے چند کی حالت تشویش ناک ہے۔

ریاستی ٹی وی نے بتایا کہ کرک کے حمود چرچ میں اس وقت حملہ کیا گیا جب وہاں مذہبی رسومات ادا کی جا رہی تھیں، حملہ آوروں کی تعداد دو تھی، جنہوں نے گاڑی سے اتر کر فائرنگ شروع کی، حملہ آوروں کی شناخت تاحال نہیں ہوئی۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر حکومتی ترجمان نے بیان میں کہا کہ صوبہ کرک میں فائرنگ کے واقعے کے بعد سیکیورٹی فورسز موقع پر پہنچ گئی ہیں۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق ایک عینی شاہد نے بتایا کہ حملہ آوروں میں سے ایک کے پاس اے کے-47 کلاشنکوف تھی اور کئی منٹوں تک فائرنگ کا سلسلہ جاری رہا۔