بالی ووڈ اداکارہ اور ماڈل ملائیکہ اروڑا کی ابوظہبی میں واقع شیخ زاید گرینڈ مسجد کے دورے کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر زیرِ بحث ہیں۔
اداکارہ اس موقع پر برقع پہنے اور سر ڈھانپے دکھائی دیں۔ انہوں نے اپنے دورے کی جھلکیاں انسٹاگرام پر شیئر کیں، جس کے بعد صارفین کی توجہ ان کی پوسٹ کی جانب مبذول ہو گئی۔
ملائیکہ اروڑا نے تصاویر کے ساتھ اپنے پیغام میں لکھا کہ کچھ مقامات انسان کو ٹھہر کر سوچنے پر مجبور کرتے ہیں، جبکہ بعض جگہیں دل کو چھو لیتی ہیں۔ ان کے مطابق شیخ زاید گرینڈ مسجد ایسی جگہ ہے جہاں یہ دونوں احساسات بیک وقت پیدا ہوتے ہیں۔
اداکارہ کے اس دورے کے دوران یوگا پریکٹیشنر اور کاروباری شخصیت سرویش ششی بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ دونوں کی تصاویر سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا پر ان کے تعلقات کے حوالے سے بھی قیاس آرائیاں شروع ہو گئیں، تاہم دونوں کی جانب سے اس بارے میں کوئی باضابطہ تصدیق سامنے نہیں آئی۔
ملائیکہ اروڑا ماضی میں بھی اپنی نجی زندگی اور تعلقات کے باعث خبروں میں رہی ہیں۔ اداکار ارجن کپور سے علیحدگی کے بعد بھی ان کی ذاتی زندگی کے بارے میں سوشل میڈیا پر مختلف تبصرے اور قیاس آرائیاں ہوتی رہتی ہیں۔