لاہور:
پاکستان ریلویز میں ہنگامی حالت نافذ کرتے ہوئے فیلڈ افسران کی چھٹیاں منسوخ کردی گئی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیرِ ریلوے محمد حنیف عباسی کی ہدایت پر پاکستان ریلویز میں محفوظ ٹرین آپریشن یقینی بنانے کے لیے ہنگامی حالت نافذ کردی گئی ہے، جو 31 دسمبر تک برقرار رہے گی۔
ہنگامی حالت کے نفاذ کے تحت فیلڈ افسران کی تمام چھٹیاں 3 ماہ کے لیے منسوخ کردی گئی ہیں اور اس سلسلے میں ریلوے افسران کو اتوار کے روز بھی فیلڈ میں جاکر ٹرین آپریشنز کی نگرانی کرنے کی ہدایت جاری کردی گئی ہے۔
ریلوے افسران کے لیے سرکاری امور کی انجام دہی کے سلسلے میں دوسرے شہر جانے کے لیے ٹرین سے سفر کرنا لازمی قرار دے دیا گیا ہے۔ اسی طرح سول اور مکینیکل کے چیف انجینئرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ روزانہ اپنے اپنے امور سے متعلق رپورٹ وزارت کو ارسال کریں، جبکہ سیفٹی ہیڈ سے بھی روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ طلب کی گئی ہے۔
وفاقی وزیرِ ریلوے محمد حنیف عباسی نے کہا ہے کہ وزیرِ اعظم کے ویژن کے مطابق مسافروں کو محفوظ ترین سفر فراہم کریں گے۔