کم کارڈیشین اداکاری پر شدید تنقید سے پریشان، نئی فلم چھوڑنے کا سوچنے لگیں

کم نے بتایا کہ وہ سوچنے لگی تھیں کہ کہیں فلم کی ٹیم انہیں کاسٹ کرنے کے فیصلے پر پچھتا تو نہیں رہی


ویب ڈیسک October 24, 2026

امریکی ریئلٹی ٹی وی اسٹار کم کارڈیشین نے انکشاف کیا ہے کہ اداکاری پر ہونے والی شدید تنقید نے ان کے اعتماد کو متاثر کیا یہاں تک کہ انہوں نے اپنی نئی فلم سے الگ ہونے کی پیشکش بھی کردی۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق کم کارڈیشین نے 22 اکتوبر کو نشر ہونے والے ریئلٹی شو ’دی کارڈیشینز‘ کی قسط میں اپنے ان خدشات کا اظہار کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ڈرامہ سیریز ’آل از فیئر‘ میں طلاق کے مقدمات کی وکیل ’آلورا گرانٹ‘ کا کردار ادا کرنے پر ملنے والے منفی ردعمل نے انہیں غیر محفوظ محسوس کرنے پر مجبور کردیا۔

کم نے بتایا کہ وہ سوچنے لگی تھیں کہ کہیں نئی فلم ’دی ففتھ وہیل‘  کی ٹیم انہیں کاسٹ کرنے کے فیصلے پر پچھتا تو نہیں رہی۔

انہیں یہ خدشہ بھی تھا کہ ان کا نام فلم کے لیے نقصان دہ ثابت ہوسکتا ہے۔

اداکارہ نے فلم سے دستبردار ہونے کی پیشکش کی تاہم بعدازاں انہوں نے اس منصوبے پر کام جاری رکھنے کا فیصلہ کیا۔

خیال رہے کہ فلم کی ہدایت کاری ایوا لونگوریا کررہی ہیں۔